لاہور (انوسٹی گیشن سیل/ میاں ذیشان سے) پنجاب ہاﺅسنگ سکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن رولزاور پنجاب پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیمز ایکٹ کی مسلسل خلاف ورزی، بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سنگین نااہلی کے الزامات ثابت ہونے پر میونسپل کارپوریشن میاں چنوں کے موجودہ و سابق 6 افسران کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائٹی حمزہ ٹاﺅن کو بغیر کسی قانونی منظوری اور لے آﺅٹ پلان کی خلاف ورزی کے باوجود این او سی جاری کرنے، قواعد کی خلاف ورزی سے فیسوں کی وصولی، دستاویزات میں جعلسازی، تجاوزات پر خاموشی اور دیگر سنگین بدانتظامیوں پر کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔ انکوائری آفیسر ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے سعید احمد اور میر حسن میر کی دو ماہ کی پنشن، اعجاز حسین کا ایک سال کا انکریمنٹ، عثمان اکرم اور فاروق کی دو سالہ سروس ضبط، فخر حسن شاہ کی برطرفی اور غلام مصطفی کا دو سالہ انکریمنٹ روکنے کی سفارشات پیش کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن میاں چنوں کے موجودہ اور سابقہ 6 افسران کے خلاف پنجاب ہاﺅسنگ سکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن رولز، 2010، پنجاب پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیمز ایکٹ اور لوکل گورنمنٹ (کنڈکٹ آف بزنس) رولز 2002 کی سنگین خلاف ورزیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال، بدعنوانی اور پیشہ وارانہ نااہلی پر حمزہ ٹاﺅن غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائٹی کو بنا کسی قانونی منظوری، لے آﺅٹ پلان کی خلاف ورزی اور متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر این او سی جاری کرنے اور ریکارڈ میں جعلسازی، قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی اور اختیارات کے غلط استعمال پر پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ انکوائری آفیسر ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے اپنی انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ڈویلپر خالد جاوید نے حمزہ ٹاﺅن کل رقبہ تعدادی 139 کنال 16 مرلے واقع موضع 130/15-L کی منظوری کیلئے درخواست دی تھی جس پر سعید احمد نے اعتراضات درج کئے لیکن این او سی کے اجراءسے انکاری رہے لیکن ریکارڈ میں این او سی جاری ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے اور رسیدات کی اجرائی بھی ان کی نگرانی میں ہوئی۔ میر حسن میر کو اضافی چارج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتی اور لینڈ سب ڈویژن میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں پر کوئی کارروائی نہیں کی، جو ان کی پیشہ وارانہ نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے دور میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوا اور بجلی کے کنکشن کیلئے این او سی جاری کئے گئے۔ عثمان اکرم نے رسیدات کی منظوری دی بعدازاں دستخطوں اور تحریر سے انکاری ہو گئے لیکن ان کے دستخطوں، نوٹس اور تحریری مواد سے انکار بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ اعجاز حسین کو نومبر 2023 سے پلاننگ برانچ کا اضافی چارج دیا گیا لیکن انہوں نے نہ صرف خلاف ورزیوں کو چھپایا بلکہ اتھارٹی کو بھی اطلاع نہ دی۔ فخر حسن شاہ نے بطور بلڈنگ انسپکٹر غلط رپورٹنگ کی، لے آﺅٹ پلان کو قواعد کے مطابق قرار دے کر این او سی کی سفارش کی جس کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات کیلئے راہ ہموار کی گئی، بعد ازاں انہوں نے استعفیٰ دیدیا جو منظور کر لیا گیا۔ غلام مصطفی جوئیہ نے اگرچہ اپریل 2021 سے تعیناتی کے دوران ایک ایف آئی آر نمبر 354/23 درج کرائی لیکن ملزم اہلکار کے اعترافی بیان پر وہ خارج ہوئی اور اس کی بحالی کیلئے کی گئی درخواست کو متعلقہ حکام نے رد کر دیا، جبکہ انہوں نے چیف آفیسر کے توسط سے رجسٹریشن و انتقالات پر پابندی کی سفارش بھی کی لیکن بطور انفورسمنٹ انسپکٹر مناسب کارروائی کرنے میں ناکام رہے۔ ریٹائرڈ بلڈنگ پلان کلرک فاروق نے تبادلوں کی فیس بغیر تحریری منظوری کے وصول کی اور قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رسیدات جاری کیں، جو اس غیر قانونی سکیم کی بنیاد بنے، اس طرح ان پر نااہلی اور بددیانتی کا الزام ثابت ہوا۔ انکوائری رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ حمزہ ٹاﺅن کے فیز ون میں 90 فیصد اور فیز ٹو میں 70 فیصد پلاٹوں پر تعمیرات مکمل ہو چکی ہیں، جو کہ ضلعی و مقامی حکام کی مسلسل چشم پوشی اور قانونی ذمہ داریوں سے پہلوتہی کا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے انکوائری کی بنیاد پر سفارش کی کہ سعید احمد اور میر حسن میر کی دو ماہ کی پنشن روکی جائے، اعجاز حسین کا ایک سال کا انکریمنٹ، عثمان اکرم اور فاروق کی دو سالہ سروس ضبط کی جائے، فخر حسن شاہ کو ملازمت سے برطرف کیا جائے، اور غلام مصطفی جوئیہ کے دو سالہ انکریمنٹ کو روکا جائے جبکہ متعلقہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت دی جائے کہ وہ حمزہ ٹاﺅن سمیت تمام غیر قانونی لینڈ سب ڈویڑنز کو پنجاب پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیمز اور لینڈ سب ڈویڑن رولز 2022 کے مطابق ریگولرائز کرنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرے جس میں سڑکوں، پارکوں، کھلی جگہوں، قبرستان اور دیگر عوامی فلاحی مقامات کی فراہمی کو لازمی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں شہریوں کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور غیر قانونی تعمیرات کے باعث پیش پنے والی مشکلات سے بچایا جا سکے۔
محکمانہ بدعنوانی، میاں چنوں کارپوریشن کے 6 افسران کیخلاف کارروائی کا آغاز
















