وزارت داخلہ کے تمام ذیلی ادارے باہمی تعاون بڑھائیں،محسن نقوی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا،وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی،محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر اجلاس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اٹھائیں ،عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں،انفارمیشن اور ڈیٹا کا بروقت تبادلہ انتہائی اہم ہے۔

وزیر دا خلہ نے کہامختلف اداروں کے بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسر وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں،تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، باہمی کوآرڈی نیشن بہتر ہونے سے عوام کے ساتھ حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا،تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسروں کو نامزد کیا جائے تاکہ متعلقہ افسروں کی استعداد کار میں اضافہ ہو۔