امریکہ کیساتھ شراکت داری کووسعت دینگے، عوام دوست بجٹ خوشحالی لائے گا،مریم

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بڑی عید پر پنجاب کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا،3 دن میں 3 لاکھ 15 ہزار 669 ٹن آلائشیں اٹھانے کا نیا ریکارڈ بن گیا، پنجاب کے 9 ڈویڑنز میں گزشتہ بڑی عید کے مقابلے میں حالیہ عید کے 3 دن میں 74 فیصد زیادہ آلائشیں اور گندگی اٹھائی گئی۔

لاہور میں سب سے زیادہ 78 ہزار 771 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ گوجرانولہ سے 39 ہزار 290 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، تیسرے نمبر پر فیصل آباد سے 38 ہزار 50 ٹن، ملتان سے 36 ہزار 361 ٹن، بہاولپور سے 31 ہزار 735 ٹن اور سرگودھا سے 26 ہزار 136 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔

راولپنڈی سے 25 ہزار 889 ٹن، ساہیوال سے 20 ہزار 821 ٹن اور ڈیرہ غازی خان سے 18 ہزار 616 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، بعض علاقوں میں تخمینے سے زیادہ اور بعض میں تخمینے سے کم آلائشیں جمع ہوئیں، ایک لاکھ 43 ہزار 429 لٹر فینائل، 30 ہزار 563 لیٹر عرق گلاب استعمال ہوا جبکہ 29 لاکھ 87 ہزار 268 کلوگرام چونے کا چھڑکاو کیا گیا، موصول ہونےوالی مجموعی 12ہزار شکایات میں سے 11 ہزار 880 شکایات فوری حل کی گئیں، پنجاب حکومت نے عید قربان پر ایک کروڑ 19 لاکھ 71 ہزار سے زائد مفت بیگز تقسیم کیے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی، مریم نوازنے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز کا پر تپاک و پر خلوص خیر مقدم کیا،وزیراعلیٰ نے نٹالی بیکر کی بطور ناظم الامور پاکستان میں متحرک اور مثبت کردار کو سراہا، ملاقات میں پاک امریکہ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امریکہ کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا،مریم نواز نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی حمایت پر نٹالی بیکر کا شکریہ ادا کیا، وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان اور امریکہ تعلقات مشترکہ اقدار اور سٹرٹیجک مفادات پر قائم قابل قدر شراکت داری ہے، پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں امریکہ کےلئے سٹرٹیجک پارٹنر کے طور پر ابھر رہا ہے، پنجاب ملک کا سب سے بڑا اور معاشی طور پر فعال صوبہ ، امریکی سرمایہ کاری اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام دوست اورمتوازن بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا عوام دوست بجٹ ترقی،خوشحالی لائے گا، معیشت کی ترقی کا ثمر ہر فرد تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان معاشی گرداب سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ،آئی ایم ایف پروگرام سے نجات حاصل کرنے کا عزم شاندار مستقبل کی نوید ثابت ہوگا، بجٹ میں متوسط طبقے کو ریلیف دیا گیا، مصنوعی مہنگائی مزید کم ہوگی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے بین الاتہذیب مکالمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا تہذیبوں کے درمیان مکالمہ ہی امن، ترقی اور انسانیت کا راستہ ہے، احترام و برداشت کا کلچر جنگ و نفرت کا موثر جواب ہے، پاکستان پرامن ملک جو ہمیشہ مکالمے، رواداری اور باہمی احترام کا داعی رہا ہے، سرزمین فلسطین اور کشمیرمیں جاری مظالم کا واحد پائیدار حل بامعنی ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے۔