عید پر خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر 6 لاکھ 52 ہزار سیاحوں کی آمد

پشاور (مشرق نیوز) عیدالاضحی پرخیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے ڈیرے، 3 دن میں 6 لاکھ 52 ہزار سے زائد سیاحوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے 3 دنوں میں 6 لاکھ 52 ہزار سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا، گلیات میں ایک لاکھ 77 ہزار، ناران کاغان میں ایک لاکھ 68 ہزار سیاح تفریح کیلئے پہنچے۔

ترجمان کے مطابق مالم جبہ میں ایک لاکھ 60 ہزار، اپر دیر میں 85 ہزار سیاح آئے۔ڈائریکٹر جنرل ٹوورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر سیاحوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی گئیں، ٹورازم پولیس کے جوانوں نے عیدالاضحی پر بہترین طریقے سے سیاحوں کی مدد کی۔ خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں بھی کثیر تعداد میں سیاح آئے، سیاحوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ 24 مئی 2025 کو وادی کاغان کے شہر ناران کو گلگت بلتستان کے چلاس سے ملانے والے بابوسر روڈ کو 7 ماہ بعد ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دلکش مناظر کیلئے مشہور بابوسر ٹاپ اور بابوسر پاس ہر سال نومبر سے جون تک شدید برفباری کے باعث بند رہتے ہیں، بابوسر پاس کے ذریعے دیامر سے مانسہرہ کا سفر 7 گھنٹے میں طے ہوتا ہے جبکہ قراقرم ہائی وے کے ذریعے یہی فاصلہ 14 گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔اس بلند پہاڑی پاس کے دوبارہ کھلنے سے گلگت بلتستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ متوقع ہے۔