لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے جارحیت کے شکار معصوم بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا فلسطین ،کشمیر میں لا کھوں معصوم بچے اسرائیل ،بھارتی جارحیت کا شکار ہیں،بچوں کی معصوم مسکراہٹیں آہوں ، سسکیوں میں بدل جائیں تو انسانیت کا سر جھک جاتا ہے،غزہ میں عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہزاروں ننھی لاشیں اسرائیلی جارحیت پر عالمی بے حسی کا نوحہ ہیں، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں میں ملبہ ہی نہیں ہزاروں معصوم بچپن بھی دفن ہو گئے، کشمیر کی فضائیں بچوں کی سسکیوں سے بوجھل ہیں جنہیں تا ابد خاموش کر دیا گیا، دنیا بھر کے جارحیت کے شکار بچوں کا المیہ انسانی تاریخ کا سیا ہ رخ ہیں۔
مریم نواز نے کہابچے جنگوں میں ہی نہیں بلکہ حالت امن میں بھی بد قسمتی سے جارحیت کا شکار ہیں، پنجاب میں معصوم بچوں کو ہر قسم کے استحصال اور جارحیت سے محفوظ رکھنے کےلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے،صوبائی کابینہ نے پاکستان میں پہلی بار ”چائلڈ پروٹیکشن پالیسی‘ ‘کی منظوری دی ،پنجاب کا ہر ادارہ، ہر قانون ،ہر قدم بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح کےلئے ہم آہنگ ہے جو معاشرہ بچوں کو امن نہیں دے سکتا وہ خود کبھی پائیدار امن نہیں پا سکتا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازنے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہادہشتگردی کے ہر فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پوری قوم متحد ہے۔
دہشتگردی کے ہر فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے قوم متحد ہے،مریم نواز
















