فیفا نے شاہین آفریدی کو عظیم فٹ بالرز کی فہرست میں شامل کردیا

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے فاتح کپتان شاہین شاہ آفریدی کو فٹ بال کی عالمی فیڈریشن نے عظیم فٹ بالرز کی فہرست میں لاکھڑا کیا۔فیفا نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر پاکستان سپر لیگ میں اپنی فرنچائز لاہور قلندرز کو 3 بار چیمپئین بنوانے پر کپتان شاہین شاہ آفریدی کی جرسی کو عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز کیساتھ شیئر کیا۔

فیفا ورلڈکپ کے سوشل میڈیا پیج پر نمبر 10 جرسی کے حوالے سے پوسٹ کی گئی ہے جس میں لیونل میسی، نیمار جونیئر اور لوکا موڈرچ کے ساتھ شاہین آفریدی کی جرسی دکھائی گئی ہے۔ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ شیئر کرنے کا مقصد فیفا ورلڈکپ سے قبل پاکستانی فینز کو متحرک کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فینز انگیجمنٹ حاصل کی جاسکے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے اتوار کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دیکر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔