پنجاب میں شدید آندھی ،طوفان،بارش سے تباہی،14افراد جاں بحق

اسلام آباد،لاہور،پشاور،کوئٹہ،کراچی: (خبر نگار،کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ)پنجاب میں شدید آندھی ،طوفان،بارش سے تباہی،14افراد جاں بحق،درجنوں زخمی،لاہور میں اورنج لائن ٹرین کو بند کرنا پڑا،اسلام آباد ،خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے ،ژالہ باری ،گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جہلم 3، راولپنڈی، سیالکوٹ، شیخوپورہ، میانوالی اور ننکانہ صاحب میں ایک ایک شخص جان سے گیا،طوفان کے باعث متعدد کچے ،بوسیدہ مکانات ،فصلوں کو نقصان پہنچا ،ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردئیے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا حکومتی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی،کنٹرول روم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے،شہری خراب موسم کے الرٹس پر عمل کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں ،لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔

ادھر تیز آندھی ،بارش کے باعث گرڈ سٹیشن ٹرپ کرنے سے بیشتر علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے،موسم کی خرابی اور آندھی کے بعد میٹرو اورنج لائن ٹرین بند ، سٹیشنز خالی کرانا پڑے۔

دریں اثنا جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی ہواوں کےساتھ سیاہ بادل جم کر برسے، موسلادھار بارش ، ژالہ باری نے جل تھل ایک کر دیا ،طوفانی بارش سے قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹین کا شیڈ گر گیا۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، مینگورہ، چارسدہ، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی ، مالاکنڈ ڈویژن میں بارش ،ژالہ باری نے سیاحتی مقامات کا حسن دوبالا کردیا،سوات کے ندی نالے پانی سے بھرگئے، سڑکوں پربچے اوربڑے موج مستیاں کرتے نظر آئے۔