مودی کے الزامات خطرناک،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے:پاکستان
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے مودی کے الزامات کو بے بنیاد و اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کسی بھی قسم کی جارحیت کا پہلے کی طرح منہ توڑ جواب ملے گا،جارحانہ بیانات کشیدگی کو بڑھانے کا کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان خطے کے استحکام اور امن کےلئے پرعزم ہے مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہااگر نئی دہلی نے کوئی بھی اشتعال انگیزی کی تو اسلام آباد منہ توڑ جواب دے گا،بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات محض اشتعال انگیزی نہیں بلکہ علاقائی سلامتی کےلئے سنجیدہ خطرہ ہیں، بھارت کے الزامات محض پروپیگنڈے کا حصہ ہیں جو خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔
شفقت علی خان نے کہا پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے لیکن دفاع آئینی اور بین الاقوامی حق ہے،پاکستان دہشت گردی کےخلاف عالمی جنگ میں فعال شراکت دار ہے، پاکستان پر دہشت گردی کا الزام گمراہ کن ہے،بھارتی قیادت ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کرے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا عالمی برادری نئی دہلی کی جنگی زبان اور خطرناک عزائم کا نوٹس لے ۔


















