پنجاب، دیہی مراکز مال کے قیام اور فعالیت میں 7 کروڑ سے زائد کی بے ضابطگیاں

لاہور (انوسٹی گیشن سیل / میاں ذیشان سے) دیہی مراکز مال کے قیام و فعالیت میں 7 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ خوردبرد اور بے ضابطگیوں میں کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب بھر میں 6807 دیہی مراکز مالز قائم کرنے کا دعویٰ زبانی نکلا جبکہ بیشتر مراکز کے وجود کا ریکارڈ موجود ہی نہ ہے۔ 3797 نجی عمارات میں قائم کئے گئے مراکز کے لیز ایگریمنٹ، مالکان کو ادائیگیاں اور عملے کی تفصیلات بھی عدم دستیاب ہیں۔ غیر تربیت یافتہ ریونیو سٹاف نے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم تک رسائی حاصل کر کے زمینوں کے ریکارڈ میں غیر مجاز تبدیلیاں کر دی۔ محکمہ بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے افسران حکومتی خزانے کو نقصان کی ذمہ داری لینے سے کترانے لگ گئے۔ تفصیلات کے مطابق دیہی مرکز مال کے نام پر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کی مشکوک تقسیم اور بے ترتیب ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کردار بھی غیر شفاف پایا گیا۔ بغیر کسی واضح ریکارڈ، معاہدات یا منظور شدہ تفصیلات کے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے جبکہ متعدد مراکز کا وجود ہی مشکوک ہے۔ بغیر تربیت کے حساس نظام تک رسائی اور زمینوں کے ریکارڈ میں غیر مجاز تبدیلیوں نے معاملے کو سنگین بنا دیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پبلک فنانس رولز والیم 1 کے مطابق موصول شدہ تمام سامان کو وصولی کے وقت جانچنا، گننا، ناپنا اور تولنا چاہیے۔ سامان وصول کرنے والے سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقدار اور معیار کی درستگی کی تصدیق کریں اور اس کی سند فراہم کریں۔ لیکن محکمہ بورڈ آف ریونیو کے سینئر ممبر کے آڈٹ کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا کہ 3 کروڑ 90 لاکھ روپے سے دیہی مرکز مال میں نئے قائم کردہ مراکز کیلئے سامان خریدا گیا ہے جس کی تقسیم غیر منظم انداز میں کی گئی ہے کیونکہ نہ تو مکمل طور پر تمام قائم کردہ دیہی مرکز مال کی فہرست موجود تھی جنہیں سامان تقسیم کیا گیا اور نہ ہی گوداموں کے سٹاک رجسٹر یا مرکز وائز تقسیم کا کوئی ریکارڈ دستیاب تھا۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے افسران کے بیان کے مطابق 6807 دیہی مرکز مال قائم کئے گئے تھے مگر ان کے وجود کی حمایت سے متعلقہ کوئی ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا۔ جبکہ 3797 دیہی مرکز مال نجی عمارات میں قائم کئے جانے کی اطلاع دی گئی تا ہم نہ تو کرایہ ناموں، نجی عمارتوں کے مالکان کو ادائیگی اور عملے کی فہرستیں اور نہ ہی ادا شدہ رقم کے واﺅچرز کی موجودگی، وقوع اور تفصیلات کا ریکارڈ موجود ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے دیہی مرکز مال کو انٹرنیٹ چارجز کی مد میں 3 کروڑ 61 لاکھ سے زائد کی ادائیگی کی جبکہ نہ تو دیہی مرکز مال کی فہرست موجود تھی اور نہ ہی انٹرنیٹ پیکیج کی تفصیلات دستیاب تھیں۔ جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوران آڈٹ اس بات کا بھی مشاہدہ کیا گیا ہے کہ ریونیو عملہ بغیر مناسب تربیت کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کر رہا تھا جس کے باعث زمینوں کے ریکارڈ میں غیر مجاز تبدیلیاں ہوئیں جس سے اراضی کے معاملات میں سنگین بے ضابطگیوں نے جنم لیا جو کہ اتھارٹی کی کمزور نگرانی، مالیاتی اور اندرونی کنٹرولز پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ آڈٹ اعتراضات نومبر 2023 میں سامنے لائے گئے تھے لیکن محکمے کی جانب سے کوئی تسلی بخش جواب موصول نہ ہو سکا۔ آڈٹ کمیٹی نے معاملے کی مکمل چھان بین اور محکمانہ سطح پر اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسی سنگین مالی بے ضابطگیوں سے بچا جا سکے۔

لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)اکرام الحق کا کہنا ہے کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی دیہی مرکز مال فزیکل انفراسٹرکچر کے قیام کا حصہ نہیں رہی۔ اتھارٹی نے موبی لنک کو انٹرنیٹ چارجز کی ایک بار ادائیگی کے علاوہ نہ تو کوئی پروکیورمنٹ کی اور نہ ہی کوئی ادائیگی کی۔ بعد ازاں پلرا نے ریونیو کا ضلعی حصہ ڈپٹی کمشنر دفاتر کو سرکاری کھاتوں کے ذریعے تقسیم کرنا شروع کر دیا ہے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سسٹم کے صرف سافٹ ویئر سائیڈ کا انتظام کرتی ہے۔ تمام رسیدیں الیکٹرانک طور پر موصول ہوتی ہیں جبکہ آڈٹ اعتراض کا تعلق بورڈ آف ریونیو سے ہے اور پروکیورمنٹ غلط نہیں ہوئی ہے یہ عمل کی تعمیل کی خلاف ورزی کی طرح ہے۔

لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے ترجمان بورڈ آف ریونیو پنجاب وضاحت کیلئے وقت مانگنے کے باوجود کوئی بھی وضاحتی بیان جاری کرنے سے قاصر رہے۔ ترجمان کو واٹس ایپ پر بار ہا کالز اور میسیج کئے لیکن ان کی طرف سے کوئی بھی موقف پیش نہ کیا جا سکا۔ بورڈ آف ریونیو کے افسران اور ترجمان اگر اس حوالے سے اپنا موقف دینا چاہیں تو ادارہ ہذا میں ان کے موقف کو من و عن پیش کیا جائے گا۔