لاہور (خبر نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور میں روزانہ ہزاروں لیٹر جعلی اور مضر صحت دودھ کا کاروبار کھلے عام جاری ہے مگر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آنکھوں پر بندھی پٹی ابھی تک نہیں اتری۔ پتو کی، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، چیچہ وطنی اور عارفوالا وہ مرکزی علاقے ہیں جہاں سے مبینہ طور پر کیمیکل زدہ دودھ لاہور بھیجا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دوسرے شہروں سے لاہور منتقل ہونے والے دودھ کی بڑی مقدار جعلی ہوتی ہے جو شیمپو، بال پوڈر، یوریا، سرف، کوکنگ آئل اور دودھ نما کیمیکلز کی آمیزش سے تیار کیا جاتا ہے، جو انسانی صحت نہایت خطرناک ہے اور معدے، جگر، گردے اور ہڈیوں کی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں داخل ہونے والے جن مقامات پر دودھ کی چیکنگ کیلئے ناکے لگائے جاتے ہیں ان میں خاص طور پر ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پل، شاہدرہ داخلی راستہ اور ملتان روڈ چونگی امر سدھو وغیرہ شامل ہیں۔ تاہم باوثوق ذرائع کے مطابق یہ ناکوں پر چیکنگ کا عمل یا تو غیر تسلی بخش ہوتا ہے یا پھر ”ماہانہ“ بندوبست کے تحت بعض ٹینکرز کو کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 15 سے 18 لاکھ لیٹر دودھ لاہور میں دیگر شہروں سے داخل ہوتا ہے، جس میں سے 30 سے 40 فیصد دودھ کا معیار یا تو غیر تسلی بخش ہوتا ہے یا وہ مکمل طور پر کیمیکل سے تیار کردہ ہوتا ہے۔ لاہور میں دودھ کی روزانہ کھپت 12 لاکھ لیٹر کے قریب ہے، جس کا بڑا حصہ غیر رسمی یا غیر برانڈڈ سپلائی چین کے ذریعے عوام تک پہنچتا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس دودھ کے معیار کی جانچ جو موبائل لیبارٹریز موجود ہیں وہ صرف فیٹ کنٹینٹ (چکنائی کی مقدار) جانچنے تک محدود ہیں۔ فارملین، ڈٹرجنٹ، یوریا اور دیگر زہریلے اجزاءکی موجودگی کی مکمل اور فوری جانچ ممکن نہیں، جس کا مطلب ہے کہ اگر دودھ میں چکنائی درست ہو تو وہ دیگر زہریلے اجزاءکے باوجود قابل قبول قرار دے دیا جاتا ہے۔ یہ جعلی دودھ مافیا منظم نیٹ ورک کے ذریعے کام کرتا ہے، جنہیں بعض پولیس اہلکاروں اور مقامی بااثر افراد کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے۔ دودھ سپلائی کرنے والے بڑے ٹرانسپورٹرز اور ٹینکر مالکان نے الگ سے اپنی ”راہداری“ فیس کا نظام بنا رکھا ہے جس کے بعد ان کی گاڑیاں بغیر کسی چیک کے شہر میں داخل ہو جاتی ہیں۔ اس وقت لاہور کے مختلف علاقوں میں دودھ کی قیمت 160 سے 190 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
جعلی اور مضر صحت دودھ کا مکروہ دھندہ ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آنکھوں پر پٹی


















