نیویارک (مشرق نیوز) حال ہی میں امریکہ میں ایک مصنوعی ذہانت ماڈل تیار کیا گیا ہے جو سگریٹ نہ پینے والے افراد میں پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے کی پیش گوئی کر سکتا ہے۔ اس ماڈل کا نام CXR-Lung-Risk ہے، اور یہ صرف ایک معمولی سینے کے ایکسرے کی مدد سے خطرے کا اندازہ لگاتا ہے۔ یہ اے آئی ماڈل ڈیپ لرننگ کا استعمال کرتا ہے، جو سینے کے ایکسرے میں موجود باریک علامات کو پہچان کر کینسر کے خطرے کا اندازہ لگاتا ہے۔
اس ماڈل کو 147,497 ایکسرے تصاویر پر تربیت دی گئی جن میں 40,643 افراد شامل تھے، جن میں سگریٹ پینے والے اور نہ پینے والے دونوں شامل تھے۔ ماڈل کو 17,407 سگریٹ نہ پینے والے افراد پر آزمایا گیا جنہوں نے 2013 سے 2014 کے درمیان معمول کے ایکسرے کروائے تھے۔ ان میں سے 28 فیصد افراد کو ماڈل نے کینسر کے ”ہائی رسک“کے طور پر شناخت کیا جن میں سے 2.9% افراد کو بعد میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔
یہ شرح 1.3% کے اس معیار سے زیادہ ہے جس پر نیشنل کمپری ہینسو کینسر نیٹ ورک کے مطابق کینسر کی سکریننگ کی سفارش کی جاتی ہے۔ یہ اے آئی ماڈل خاص طور پر اہم ہے کیونکہ موجودہ اسکریننگ گائیڈلائنز صرف ان افراد کیلئے ہیں جو سگریٹ پیتے ہیں یا پیتے رہے ہیں۔ تاہم پھیپھڑوں کا کینسر ان افراد میں بھی پایا جاسکتا ہے اور جاتا رہا ہے جو کبھی سگریٹ نہیں پیتے۔ یہ ماڈل موجودہ ایکسرے تصاویر کا استعمال کرکے ان افراد میں بھی کینسر کے خطرے کی پیش گوئی کر سکتا ہے، جو سکریننگ کے موجودہ معیار پر پورا نہیں اترتے۔
سگریٹ نہ پینے والوں میں کینسر شناخت کرنے والا اے آئی ماڈل تیار



















