ججز کے تبادلوں سے اداروں کا کیا تعلق؟،آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ججز تبادلہ اورسنیارٹی کیس کی سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے ججز کے تبادلوں سے اداروں کا کیا تعلق؟ کیا اداروں نے سارا نظام ختم کرکے خود کنٹرول کر لیا ؟ آرٹیکل 193، 197 اور200 ججزکی تعیناتی و ٹرانسفرکا ذکرکرتے ہیں، آرٹیکل 194 حلف کی بات کرتا ہے۔

جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی اور تبادلے کےخلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

5 ججز کے وکیل منیر اے ملک نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا حکومت کی جانب سے ججز ٹرانسفر کی بتائی گئی وجہ مضحکہ خیز ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ ایکٹ کے مطابق ججز مختلف صوبوں سے تعینات ہو سکتے ہیں، قانون میں تبادلوں نہیں بلکہ صوبوں سے تعیناتی کا ذکر ہے،منیر اے ملک نے کہا جوڈیشل کمیشن نے 5 میں سے 2 آسامیوں پر تعیناتی کی، حکومت کہتی ہے جوڈیشل کمیشن نے ججز نہیں لگائے تو ہم نے لگا دئیے، ججز تبادلے کی اصل وجہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6ججز کا خط ہے،6ججز نے خط میں حساس اداروں کی مداخلت کا ذکر کیا، خط کے بعد تمام ججز ہی نشانے پر آ گئے، ایک جج کی ڈگری کا مسئلہ نکل آیا تو دوسرے جج کا بیرون ملک رہائش کا کارڈ مل گیا، اصل مسئلہ جسٹس عامر فاروق کی سپریم کورٹ تعیناتی کے بعد نئے چیف جسٹس کی تقرری کا تھا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے منیر اے ملک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا 6ججز کی جانب سے لکھے گئے خط میں صدر، وزیر اعظم، وزارت قانون ،کسی جج کا ذکر نہیں ، خط میں حساس اداروں کی مداخلت کا ذکر کیا گیا، موجودہ ججز کے تبادلوں سے حساس اداروں کا کیا تعلق بنتا ہے، کیا سکیورٹی اداروں نے سارا نظام ختم کر کے خود کنٹرول کر لیا؟،جسٹس شاہد بلال حسن نےکہا ججز نے خط میں مداخلت کا الزام لگایا، میرے 13 سالہ کیریئر میں مجھ سے آج تک کسی نے رابطہ نہیں کیا،بعدازاں عدالت نے ججز تبادلہ و ٹرانسفر کیس کی سماعت ملتوی کردی۔