لاہور (انوسٹی گیشن سیل/ میاں ذیشان) پنجا ب پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم اینڈ لینڈ یوز رولز کی خلاف ورزی، اختیارات کا ناجائز استعمال اور ریکارڈ میں ردوبدل جیسے سنگین الزامات ثابت ہونے پر پاکپتن کے چیف آفیسر، ڈسٹرکٹ میونسپل پلاننگ، انفورسمنٹ انسپکٹر پر پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا، انکوائری آفیسر ڈاکٹر رائے امتیاز حسین نے پیڈا ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت چیف آفیسر کی دو سال سروس ضبطگی، ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کا ایک سال کا انکریمنٹ اور انفورسمنٹ انسپکٹر کی چار سال کی سروس ضبطگی کی سفارشات پیش کردیں۔ 350 کنال سے زائد رقبہ پر محیط کینال ویو ہاﺅسنگ سوسائٹی کو منظوری کے بغیر ہی پچھلی تاریخوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر این او سی جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم اینڈ لینڈ رولز 2010 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال اور ریکارڈ میں ردوبدل جیسے سنگین الزامات ثابت ہونے پر انکوائری آفیسر ڈاکٹر رائے امتیاز حسین نے پیڈا ایکٹ 2006 کے سیکشن 4 کے تحت پاکپتن کے چیف آفیسر جاوید اسلم کی دو سال کی سروس ضبطگی، ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کا ایک سال کا انکریمنٹ اور انفورسمنٹ انسپکٹر کی چار سالہ سروس ضبطگی کی سفارشات پیش کر دیں۔ انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا افسراسن نے 350 کنال سے زائد رقبہ پر محیط کینال ویو ہاﺅسنگ سکیم واقع عارف والا کے ڈویلپر کو این او سی کی درخواست اور ایڈمنسٹریٹر سے منظوری کے بغیر ہی ہاﺅسنگ سکیم کو انسانی ہمدردی کو بنیاد بناتے ہوئے این او سی جاری کر دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) پاکپتن شریف کو لکھے گئے مراسلہ نمبر 1130/DOP/DC/PPN مورخہ 29-01-2025 میں غلط بیانی کی گئی کہ ہاﺅسنگ سکیم کے مالک نے تمام سرکاری واجبات، رقبہ کی منتقلی، اور رہن بنام ضلع کونسل پاکپتن جمع کروا دئیے ہیں اور کینال ویو ہاﺅسنگ سکیم کی رجسٹری اور انتقال کے حوالے سے بین ختم کرنے پر آفس کو کوئی اعتراض نہ ہے جبکہ حقیقاً نہ تو حکومتی واجبات جمع کروائے گئے اور نہ ہی زمین ضلع کونسل کے نام منتقل کی گئی۔ ایڈمنسٹریٹر کی طرف سے ریکارڈ طلب کرنے پر ملزمان نے باہمی ملی بھگت سے سرکاری ریکارڈ کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے مذکورہ این او سی واپس لے لیااور کسی بھی متعلقہ دفتر کو نقل بھیجے بغیر نکالے گئے این او سی کو اصل فائل میں رکھ دیا۔ بیک ڈیٹنگ اس حقیقت سے عیاں ہے کہ ڈسٹرکٹ آفیسر (پلاننگ) نے اپنے دستبرداری کے نوٹ میں مورخہ 30-01-2025 کے بجائے مورخہ 30-02-2025 کی تاریخ کا ذکر کیا جو کہ جلد بازی میں ردوبدل اور این او سی کے غیر قانونی اجراءکا اعتراف ظاہر ہوتا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے افسران کی ان کارروائیوں نے ڈویلپر کیلئے عوام کو لوٹنے کا راستہ ہموار کیا۔ انکوائری رپورٹ میں مزید انکشافات کئے گئے ہیں کہ کینال ویو گارڈن ہاﺅسنگ سکیم ضلع کونسل پاکپتن کا کیس مورخہ 04-09-2020کو پاکپتن کی ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی نے موخر کر دیا تھا۔ اسے دوبارہ ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا جسے کمیٹی نے مورخہ 03-11-2020 کو دوبارہ موخر کر دیا۔لیکن ضلع کونسل کے اہلکاروں نے متعلقہ قانون کے تحت غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیم کے خلاف کوئی واضح کارروائی نہیں کی ہے۔ مذکورہ کیس کی پروسیسنگ کا حصہ ریکارڈ فائل میں دستیاب ہی نہ ہے۔ انکوائری آفیسر نے اپنی سفارشات میں بیان کیا ہے کہ میں نے دستیاب ریکارڈ اور چیف آفیسر ضلع کونسل پاکپتن کے بیان کا بغور جائزہ لیا ہے جس میں انہوں نے کھلے دل سے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مورخہ 29.01.2025 کے خط پر دستخط کئے ہیں لیکن یہ کہہ کر انتہائی کمزور موقف اختیار کیا ہے کہ جس وقت مذکورہ خط پر دستخط کیے گئے تھے اس وقت وہ اس تاثر میں تھے کہ وہ ریکارڈ کے لحاظ سے غیر قانونی طور پر کام کر رہے ہیں۔ انکوائری آرڈر میں بیان کردہ نا اہلی اور بدانتظامی کے الزامات ثابت ہونے پر جاوید اسلم چیف آفیسر کی دو سال کی سروس کی ضبطی کی مدت کا بڑا جرمانہ ، شہباز احمد ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کو چیف آفیسر کی معاونت کرنے پر ایک سال کی سالانہ انکریمنٹ کو روکنے کا معمولی جرمانہ اور محمد دین انفورسمنٹ انسپکٹر/جونیئر کلرک کو چارج شیٹ میں اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو صاف صاف تسلیم کرنے پر چار سال کی سروس کی ضبطی کی مدت کا بڑا جرمانہ پیڈا ایکٹ 2006 کے سیکشن 4(b)(iii) کے تحت لگایا جا سکتا ہے۔
پاکپتن کے چیف آفیسر سمیت دیگر سرکاری افسران کیخلاف کارروائی شروع
















