آبی تنازع حل نہ ہوا تو جنگ بندی خطرے میں پڑ سکتی ہے،وفاقی وزرا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہاہےبھارت کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت ہی نہیں، آبی تنازع حل نہ ہوا تو جنگ بندی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

سی این این کو انٹرویو دیتے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد امریکہ تنازع میں متحرک ہوا اور وزیر خارجہ روبیو نے ٹیلی فونک گفتگو میں آگاہ کیا بھارت جنگ بندی کےلئے تیار ہے،دونوں ممالک کو تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہئیں، مقبوضہ جموں کشمیر کا مسئلہ حل ہونا جنوبی ایشیا میں امن کےلئے ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہاپاکستان نے اپنی برابری ثابت کر دی ،مذاکرات میں آبی تنازع حل نہ ہوا تو بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی خطرے میں پڑ سکتی ہے،پانی روکنا جنگی اقدام کے مترادف ہوگا،کشیدگی میں اضافے کے باوجود پاکستان نے بھارت پر جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر غور نہیں کیا۔

دریں اثنا سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا سیز فائر مختلف ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ، چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں،پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات ،اسلحہ ڈپووں کو نشانہ بنایا، بھارت کے نقصانات سب کے سامنے ہیں، بھارت مزید کشیدگی جھیلنے کی پوزیشن میں نہیں تھا، سیز فائر پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ حکمت عملی کی کامیابی ہے۔

عطا تارڑ نے کہابھارت کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت ہی نہیں، فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پہلگام واقعہ رونما ہونا بھارتی سکیورٹی ناکامی ہے،پاکستان میں کسی دہشتگرد گروہ کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں،پوری قوم افواج پاکستان کےساتھ کھڑی ہے ، پاکستان کی فتح روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا مودی کے دن گنے جاچکے اب فیصلہ بھارتی عوام کریں گے،ابھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تنقید کا سیلاب آیا ہوا ہے،مودی نے اپنے خطاب میں چیزوں کو سمیٹنے کی کوشش کی لیکن چیزیں اتنی بکھر چکیں سمیٹ نہیں سکے گا،کشمیر ،دہشتگردی،پانی پر بات ہوگی، بھارتی دہشت گردی کے ثبوت مذاکرات میں سامنے آنے چاہئیں۔