اسلام آباد (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے بھارت جارحانہ کارروائیوں سے باز نہ آیا تو پاکستان کی طرف سے کوئی گارنٹی نہیں، قوم کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کرے گی، مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پیش رفت ہونی چاہیے،سندھ طاس معاہدہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،اسلام آباد میں پرتاب سنگھ کی قیادت میں سکھ برادری کے وفد نے امیر جماعت سے ملاقات کی، وفد سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا پوری قوم ملک کی حفاظت اور سالمیت کےلئے متحد اور یکسو ہے، قوم نے وطن کی حفاظت کےلئے تمام سیاسی اختلافات بھلا دئیے، یہ ایک نیک شگون ہے،حکومت اب ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور اس اتحاد کو برقرار رکھنے کےلئے فوری اور مناسب اقدامات اٹھائے، بھارتی جارحیت کےخلاف پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ،مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے کوئی کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو بظاہر اس میں مضائقہ نہیں مگر حکمران کسی دھوکے کا شکار ہوئے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کے اقدام کےلئے بات چیت کریں،کسی عالمی رہنما کے محض بیان پر حکمرانوں کا پھولے نہ سمانا ناقابل فہم ہے، مسئلہ کشمیر پر کسی کمزوری کا مظاہرہ کیے بغیر ہر محاذ پر کوششیں تیز کی جائیں،حافظ نعیم الرحمن نے کہا بھارت اپنے ذرائع ابلاغ کے زہریلے اور منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے دنیا میں بے نقاب و ناقابل اعتبار ہوگیا، حکومت ہندوتوا نظریے کے پیروکاروں کا اصل چہرہ پوری دنیا کو دکھائے۔
کسی عالمی رہنما کے محض بیان پر حکمرانوں کا پھولے نہ سمانا ناقابل فہم ہے:نعیم الرحمن


















