رود کوہیوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے، بڑے ڈیمز تجویز کئے جائیں گے:خواجہ سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا و دیگر افسران بھی ہمراہ ہیں۔کمشنر آفس ڈی جی خان میں سیلاب اور ڈویلپمنٹ سکیموں سے متعلق اجلاس بھی منعقد ہوا۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور چیف انجینئر انہار نے اجلاس کے دوران بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد ،ڈی پی او سید علی و دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ڈی جی خان ڈویژن کے دیگر ڈپٹی کمشنرز ،ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر کو دریاو¿ں بالخصوص رود کوہیوں کے سیلاب سے متعلق بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈی جی خان ڈویژن میں فلڈ مینجمنٹ کیلئے سروے کروایا جارہا ہے۔سیلابی پانی سے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنانا ہے۔ڈی جی خان اور راجن پور اضلاع کی 13 چھوٹی بڑی رود کوہیوں کی فزیبلٹی سٹڈی جاری ہے۔ رود کوہیوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے، بڑے ڈیمز تجویز کئے جائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈی جی خان اور راجن پور میں رود کوہیوں کے قدرتی چینلز کی 21 جگہوں پر بھل صفائی جاری ہے۔ بھل صفائی 31 مئی تک مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ فلڈ کیریئر چینلز کی صفائی کرکے دریا تک سیلابی پانی کو محفوظ راستہ دیا جائیگا۔ دریں اثنا صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن نرسوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے تین ہزار نرسوں کی بھرتی کا عمل مکمل کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نرسوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ریفریشل کورسز کروائے جا رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں نرسیں بہترین فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔