بھارت کیخلاف تاریخی فتح پرجشن،ریلیاں،فوجی ٹینکوں،جوانوں پرپھول نچھاور

گوجرانوالہ،سیالکوٹ،کوئٹہ:(بیورورپورٹ)بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر شہر شہر جشن،ریلیاں،پاک فوج کے جوانوں پر پھول نچھاور کیے گئے۔

پاک بھارت سیزفائر کے بعد مختلف اضلاع میں شہری افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کےلئے سڑکوں پر نکل آئے،گوجرانوالہ میں فتح ریلی نکالی گئی، سبزہلالی پرچم اٹھائے شہریوں نے بھرپور شرکت کی ،پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

شہریوں نے کہا افواج پاکستان نے قوم کے سر فخر سے بلند کردئیے، خون کے آخری قطرے تک افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بھارت نہیں بلکہ بڑی طاقتوں کی شکست ہے، پاک فوج نے بہادری سے فرانس،اسرائیلی اور روس کی جدید ٹیکنالوجی کو تباہ کردیا۔

ادھر سیالکوٹ میں شہریوں نے بارڈر سے آنےوالے پاک فوج کے ٹینکوں ، اہلکاروں پر پتیاں نچھاور کیں،پاکستان کا جھنڈا اٹھائے شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ،پھولوں کے ہار پہنائے، شہریوں نے ٹینکوں پر موجود پاک فوج کے جوانوں کو گلدستہ بھی پیش کیا۔

دریں اثنا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پاکستان کی بھارت سے فتح پر جشن منایا گیا،شہریوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہافورسز نے بھارت کا تکبر خاک میں ملا دیا۔