قوم مطمئن رہے، جواب دینے کےلئے 200 فیصد تیار ہیں،خواجہ آصف


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کوئی بیرونی دباوقبول نہیں ، قوم مطمئن رہے، جواب دینے کےلئے 200 فیصد تیار ہیں، پاکستان صرف بھارتی فوجی تنصیبات پر حملے کرےگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا بھارتی میڈیا میں جھوٹ کا سیلاب ، اسرائیل اور بھارت کا اتحاد فطری ہے،دوست ملک کھل کرپاکستان کےساتھ کھڑے ہیں،پاک فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور سرحد پر دشمن کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے،سفارتی کوششوں کو مزید تیز کر کے موثر بنانا ہوگا،وزیر دفاع نے کہا مادر وطن کے دفاع کےلئے کسی قسم کا بیرونی دباو قبول نہیں کریں گے،پاکستان اپنی مرضی کے وقت پر جواب دے گا، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔

طارق فضل چودھری نے کہاپاکستانی طیاروں نے رافیل طیاروں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا،عالمی برادری کو پاک بھارت کشیدگی میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان کا کردار انتہائی ذمہ دارانہ ہے،پاکستان آئندہ بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاپاکستان نے 5بھارتی طیاروں اور 77 ڈرونز کو کامیابی سے گرا کر روایتی جنگ میں واضح برتری حاصل کر لی،5جنگی طیارے اور اب تک 77 ڈرونز کو کامیابی سے گرانا پاکستان کی فضائی صلاحیتوں و فوجی برتری کا واضح ثبوت ہے،پاکستان پرامن ملک ہے تاہم کسی بھی جارحیت کےخلاف اپنا دفاع کرنا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے،اپنا حق ذمہ داری کےساتھ استعمال کیا اور کریں گے۔

دریں اثنا برطانیہ، ایران، آذربائیجان، اٹلی اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطے کیے، دوطرفہ تعلقات اور جنوبی ایشیا میں بگڑتی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے نے پاک بھارت کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا برطانیہ خطے میں قیام امن کےلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے،دونوں ممالک فوری طور پر کشیدگی میں کمی کےلئے عملی اقدامات کریں۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے پاکستان کےساتھ مکمل یکجہتی و حمایت کا اعلان کیا، اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصب کو بھارتی اشتعال انگیزی ،سویلین علاقوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سے آگاہ کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کےلئے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاایران خطے میں امن و استحکام کو ترجیح دیتا ہے۔

اسحاق ڈار نے اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی سے بھی بات چیت کی اور بھارتی جارحیت پربریفنگ دی، اطالوی وزیر خارجہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے کےلئے فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا،جاپانی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک پر زور دیا تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کیلئے اقدامات کریں،اسحاق ڈار نے بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

ادھر ہفتہ وار بریفنگ میںترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا بھارتی جارحیت نے 2 ایٹمی قوتوں کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا، بھارتی جنگی جنون پر دنیا کو تشویش ہونی چاہیے، بھارتی میڈیا منصوبہ بندی کے تحت خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے تحت جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

شفقت علی خان نے کہا پہلگام حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں،بھارت نے کشیدگی نہ بڑھانے کے عالمی مطالبات پر کان نہیں دھرے،پاکستان کے متعدد شہروں میں ڈرون حملے کیے گئے، کیا کوئی ملک کسی بھی ملک کو سوشل میڈیا بیانات کے اوپر کسی ملک پر حملہ کرنے کی اجازت دیتا ہے؟عالمی دنیا بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے،سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیاجاسکتا۔