کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب سخت ترین ہو گا:قومی اسمبلی کا بھارت کو دو ٹوک پیغام

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے پورا ایوان ایک زبان ہوگیا،سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اجلاس کے دوران وزراءکی غیر حاضری پر احتجاج کیا اور حکومت کی سنجیدگی پر سوالات اٹھائے،عمر ایوب نے کہا اگر ان کی آواز ایوان میں نہ سنی گئی تو وہ عوامی اسمبلی لگانے پر مجبور ہوں گے،اپوزیشن لیڈر نے کہا وزیر اعظم سمیت وزرا کی 22 سیٹیں خالی ہیں، یہ حکومت کی سنجیدگی ہے، پی پی پی کی قیادت موجود ہے، اپوزیشن موجود ہے مگر مسلم لیگ ن ایوان سے غائب ہے، حکومتی رویے سے لگتا ہے حکومت سرنڈر کر چکی ہے، مسلم لیگ ن بھاگنا چاہ رہی ہے،پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا بھارت اور پاکستان دونوں ہمسائے ہیں، بار بار جنگ کی بات نہ کریں،پاکستان میں کئی جنگیں ہوئیں لیکن انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف کچھ نہیں ہوا، اس دفعہ پہلی بار مودی نے معاہدہ ختم کیا، پاکستان معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے، بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے، پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کررہا بلکہ خود دہشت گردی کا شکار ہے، بھارتی حکومت غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہے، پاکستانی قوم نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا،ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا بھارت عالمی سطح پر سفارتی محاذ پر شکست کھا چکا ہے، بھارت جنگ چاہتا ہے تو پھر جنگ ہی سہی،پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا آج شہید ذوالفقار علی بھٹو یاد آرہے ہیں جنہوں نے جان دے کر ایٹم بم بنایا، آج بھارت ایٹم بم کی وجہ سے پاکستان کی طرف نہیں بڑھ پا رہا، آج پاکستان کی ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، ہم پاکستان کےلئے جان دینے کو تیار ہیں،اعجاز الحق نے کہا جب بھی مشکل وقت آتا ہے قوم اختلافات بھلا کر متحد ہو جاتی ہے، جو بات عمر ایوب خان نے کی اس سے اتفاق کرتا ہوں، حکومت تھوڑی سی ایوان پر توجہ دے، وزرا ایوان میں آئیں، مودی کے مائنڈ سیٹ نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا، بھارتی وزیراعظم نے گجرات میں ہولوکاسٹ کیا، وقت آئے گا جب پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، شرمیلا فاروقی نے کہا پہلگام واقعے سے سب کے دل لرزے، ہم وہ ملک ہیں جو دہشت گردوں کو چن چن کر مارتے ہیں،مولانا عبدالغفور حیدری نے پہلگام واقعے پر پارلیمنٹ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم اور وزیر دفاع کی غیر موجودگی کو قومی سلامتی کے حوالے سے غیر سنجیدہ رویہ قرار دیا اور کہا اگر قومی یکجہتی درکار ہے تو بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندیاں ختم ہونی چاہئیں،وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا بھارت دہشت گرد حملوں پر خاموش رہتا ہے جبکہ پاکستان ہمیشہ انسانیت کے ناطے مذمت کرتا ہے،ایوان میں ارکان نے افواج پاکستان سے مکمل اظہاریکجہتی کرتے ہوئے واضح کیا بھارت کی کسی بھی جارحیت کی صورت میں پوری قوم افواج کےساتھ کھڑی ہوگی۔