جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کایقینی اور فیصلہ کن جواب دینگے،کورکمانڈرز کانفرنس


راولپنڈی: (بیورورپورٹ)عسکری قیادت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی، غیر انسانی و بلا اشتعال کارروائیوں، مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائےگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی،خطے کی موجودہ صورتحال بالخصوص پاک بھارت کشیدگی و علاقائی سلامتی کا جامع جائزہ لیا گیا،فورم نے کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کےخلاف ملکی خود مختاری و علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ وارانہ مہارت، ثابت قدم حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے ،فعال تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاپہلگام واقعہ کے بعد بھارتی افواج لائن آف کنٹرول کے معصوم شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہےں،بھارتی فوج کی غیر انسانی و بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو بڑھاتی ہیں ،کارروائیوں کا موثر ، مناسب جواب دیا جائےگا۔

شرکا نے بھارت کی جانب سے سیاسی و فوجی مقاصد کے حصول کےلئے مستقل طور پر گھڑے جانے والے خود ساختہ بحرانوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا بھارت پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت اندرونی انتظامی ناکامیوں کو چھپانے کےلئے ہمیشہ سے بیرونی رنگ دیتا رہا ہے،واقعات کے ذریعے بھارت یکطرفہ چالوں سے سٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے جیسا 2019 میں دیکھا گیامقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل370کی منسوخی کے ذریعے سٹیٹس کو کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کےلئے پلوامہ کا ڈرامہ رچایاگیا۔

فورم نے کہا پہلگام کے حالیہ واقعہ کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں و اقتصادی بحالی کےلئے جاری کوششوں سے ہٹانا ہے کیونکہ ان 2 عوامل میں پاکستان فیصلہ کن ،پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے،بھارت کو مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی دہشتگرد پراکسیوں کو فعال کرنے میں ناکامی اٹھانا پڑے گی،بھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچا کر پاکستان کے قانونی و بنیادی آبی حقوق کو غضب کرنے کے درپے ہے،بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہے،پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے سے پاکستان کی 24 کروڑ آبادی متاثر ،جنوبی ایشیا کے عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔

شرکا کانفرنس نے پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں براہ راست بھارتی فوج و انٹیلی جنس کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاریاستی سرپرستی میں ہونےوالے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی و ناقابل قبول ہے،جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائےگا۔

فورم نے اعادہ کیا عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائےگا، پاکستان کے امن ور ترقی کا راستہ کسی بھی بلاواسطہ یا پراکسیز کے ذریعے پھیلائی جانےوالی دہشتگردی، جبر یا جارحیت سے نہیں روکا جاسکتا،بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر عدم استحکام کی کوششوں کو قومی عزم ، واضح اقدامات سے شکست دی جائےگی۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے ملکی دفاع کےلئے کی جانےوالی آپریشنل تیاریوں ،سٹرٹیجک فورسز پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا مسلح افواج دفاع وطن کےلئے عوام کےساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔