پوسٹ پارٹم ڈیپریشن کی تشخیص کیلئے بلڈ ٹیسٹ تیار کرنے کی راہ ہموار

نیویارک (مشرق نیوز) ایک طویل تحقیق کے بعد ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ جلد ہی دنیا میں پوسٹ پارٹم ڈیپریشن کی تشخیص کیلئے پہلا بلڈ ٹیسٹ کا طریقہ تیار کرلیا جائیگا۔ بچے کی پیدائش کے بعد ڈیپریشن کیلئے پوسٹ پارٹم ڈپریشن کی اصطلاح کا استعمال کیا جاتا ہے جو ایک عام عارضہ ہے۔

پوسٹ پارٹم ڈیپریشن کے دوران ماں کے ذہن میں منفی خیالات آنا معمول ہوتا ہے، ایسے میں خود کو یا اپنے بچے کو نقصان پہنچانے کے خیالات تواتر سے آتے ہیں، اس مرض کا دوسرا سب سے بڑا اثر مریض پر غنودگی طاری ہونا اور منہ خشک ہوجانا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق تقریباً 4 میں سے ایک خاتون بچے کی پیدائش کے بعد پوسٹ پارٹم ڈیپریشن میں مبتلا رہتی ہیں۔

اس بیماری کی تشخیص کیلئے بھی کوئی بھی مستند ٹیسٹ دستیاب نہیں ہے، تاہم ماہرین صحت علامات کی بنیاد پر خواتین میں اس کی تشخیص کرتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سات میں سے ایک خاتون بچے کو جنم دینے کے بعد پوسٹ پارٹم ڈپریشن کا شکار بن جاتی ہے جب کہ اس بیماری کی معلومات نہ ہونے کے باعث محض 6 فیصد خواتین ہی اس کا علاج کروا پاتی ہیں۔

تاہم اب ماہرین کو امید ہے کہ چند سال میں ممکنہ طور پر پوسٹ پارٹم ڈیپریشن کی تشخیص کا پہلا بلڈ ٹیسٹ دستیاب ہوگا۔ طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے 2020 حاملہ خواتین پر تحقیق کی اور ان کے متعدد ٹیسٹس کرکے ان میں ہونے والی تبدیلیوں کو نوٹ کیا۔ جن ہزاروں خواتین پر تحقیق کی گئی، ان میں ایسی خواتین بھی شامل تھیں جو کہ ڈپریشن کا شکار بھی رہی ہیں جب کہ بعض خواتین ایسی تھیں جو کبھی ڈپریشن کا شکار نہیں ہوئی تھیں۔

ماہرین نے تحقیق کے مراحل کے دوران خواتین کے بلڈ ٹیسٹ کرکے ان میں ہونے والی ہارمونل تبدیلیوں کو بھی دیکھا اور پھر ان میں علامات کو نوٹ کیا اور بچے کی پیدائش کے بعد ان میں دوسری علامات کو بھی جانچا۔ ماہرین نے پایا کہ حمل کے آخری ایام کے دوران خواتین میں ہارمونل تبدیلیاں ہوتی ہیں اور پروٹین زیادہ متحرک ہوجاتا ہے جس سے خواتین بچے کی پیدائش کے بعد پوسٹ پارٹم ڈیپریشن کا شکار بن جاتی ہیں۔