قومی سلامتی کے تحفظ کےلئے پوری قوم یک زبان ہے:لیاقت بلوچ

لاہور:(اپنے نمائندے سے)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے کوئٹہ میں نیشنل پارٹی کے صوبائی قائدین اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین نے ملاقات کی، لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کی صوبائی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کیا، اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن، مولانا عبدالحق ہاشمی، فراست شاہ، زاہد اختر بلوچ اور ایم پی اے انجینئر عبدالمجید بادینی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آواز ہے آزادی کے تحفظ کےلئے پوری قوم متحد ہے، ملک دشمن بھارت کے اوچھے فسطائی ہتھکنڈوں کے مقابلہ میں پاکستانی ملت سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، اختلافات، حکومت اور فورسز کے سیاسی کردار سے متعلق اختلافی آراءحقیقت ہے لیکن قومی سلامتی کے تحفظ کےلئے پوری قوم یک زبان ہے اور پوری قوم کی ایک ہی ترجیح اتحاد و اتفاق کی طاقت کیساتھ پاکستان کی حفاظت ہے،پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔