ملک، عوام کو اسٹیبلشمنٹ ،پی ٹی آئی کی ضرورت ہے، عمران خان

اسلام آباد ،راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے پاکستان کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا، ملک اور عوام کواسٹیبلشمنٹ ،پی ٹی آئی کی ضرورت ہے۔

فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل میں بانی سے ملاقات کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا 6 وکلا کے ناموں کی لسٹ دی گئی ،نعیم حیدر پنجھوتہ ،عثمان گل کی ملاقات ہوئی،بانی کی صحت اچھی ہے، آگاہ کیا بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، پارٹی رہنماوں ، وکلا کو بھی روکا گیا ، لسٹ کے مطابق صرف 2 بندے جیل تک پہنچ سکے، باقیوں کو روک لیا گیا۔

عمران خان نے کہا 26ویں ترمیم کے بعد جو ہو رہا ہے اس پرلیگل کمیٹی، پارٹی قیادت چیف جسٹس کو خط لکھے گی، عدالت میں کیسز نہیں لگ رہے، بشریٰ کےساتھ زیادتی ہو رہی ہے، عثمان گل نے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا توہین عدالت درخواست پر 28اپریل کو سماعت ہو گی۔

مائنز اینڈ منرلز پر عمران خان نے کہا وزیر اعلیٰ کے پی اور سینئر لیڈر شپ آکر مجھے بریف کرے، مائنز اینڈ منرلز بل متنازع ہو چکا ضروری ہے لوگوں کو اعتماد میں لیں، افغانستان کے معاملے پر حکومت نے 3 سال لگا دیئے، پہلے کہا تھا دہشتگردی کے خاتمے کےلئے افغانستان سے بات چیت کرکے شامل کرنا پڑے گا، حکومت نے وقت کا ضیاع کیا جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، فوج کے جوان شہید ہوئے، چیزوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا، فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ نہیں آرہی، زرمبادلہ کے بغیر ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی، انوسٹمنٹ تبھی آئے گی جب ملک میں قانون کی حکمرانی ہو گی، پی ٹی آئی کو کرش کرنے کےلئے ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا، عدلیہ ،ایف آئی اے ، پولیس سمیت ہر ادارے کو تباہ کر دیا گیا۔

دریں اثنا عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ کی تشکیل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی،بنچ کے سربراہ جسٹس شہباز رضوی کی عدم دستیابی کی وجہ سے 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی کازلسٹ منسوخ کی گئی، عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی سے عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات نہ کرانے کا معاملہ، وفاقی وصوبائی سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کےخلاف ایک اور توہین عدالت درخواست دائر کر دی گئی،سربراہ سنی تحریک صاحبزادہ حامد رضا نے وکیل خالد یوسف چودھری کے ذریعے توہین عدالت درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا عدالت نے دومرتبہ ملاقات کی اجازت دی، تیسری بار لارجر بنچ نے حکم دیا،عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، ملاقات نہ کرانا عدالت کے احکامات کی توہین کے مترادف ہے،درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، صاحبزادہ حامد رضا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بائیومیٹرک بھی کرالی۔