لاہور (انوسٹی گیشن سیل/ میاں ذیشان سے) پنجاب گورنمنٹ پالیسیوں اور پنجاب لوکل گورنمنٹ سروس رولز کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ جات انفراسٹرکچر اور سروسز ونگ میں لوکل کونسل ملازمین کو غیر قانونی طور پر لوکل گورنمنٹ سروس کے افسران کی آسامیوں پر تعینات کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا اربوں روپے کی لاگت سے زیر تکمیل لاہور ڈویلپمنٹ پلان کی کامیابی پر سنگین خطرات کے پیش نظر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے تمام غیر قانونی تعیناتیوں کو فی الفور کالعدم قرار دیدیا۔ تحقیقاتی رپورٹ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور سمیت دیگر افسران کو ارسال کرتے ہوئے 7 یوم میں عملدرآمد کے احکامات جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اربوں روپے کی لاگت سے زیر تکمیل لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر شدید خطرات منڈلانے لگے۔ پنجاب گورنمنٹ پالیسیوں اور پنجاب لوکل گورنمنٹ سروس رولز 2018 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ جات انفراسٹرکچر اور سروسز ونگ میں لوکل کونسل ملازمین کو غیر قانونی طور پر لوکل گورنمنٹ سروس کی مختص شدہ سیٹوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر کی جانب سے کی جانیوالی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سید سجاد شاہ کی جانب سے میٹروپولیٹن کارپوریشن، لاہور میں لوکل کونسل کے ملازمین کی لوکل گورنمنٹ سروس کے افسران کیلئے مختص ہونے والی پوسٹوں کے خلاف غیر قانونی ایڈجسٹمنٹ/تعینات کے حوالے سے درج کرائی گئی تھی۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کلیم اللہ اسسٹنٹ زونل آفیسر (انفراسٹرکچر) نشتر زون، فیاض نظامی اسسٹنٹ زونل آفیسر (انفراسٹرکچر) ہیڈ کوارٹر، محمد وقاص اسسٹنٹ زونل آفیسر (انفراسٹرکچر) راوی زون، نوید ارشد سب انجینئر نشتر زون، حسنات گیلانی سب انجینئر نشتر زون، عابد علی سب انجینئر نشتر زون، عامر سب انجینئر شالیمار زون کو میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے انفراسٹرکچر اینڈ سروسز ونگ میں غیر قانونی طور پر تعینات یا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ میٹروپولیٹن آفیسر (انفراسٹرکچر)، میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور سے پوچھ گچھ کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ یہ غیر قانونی تقرریاں مورخہ 03-01-2025 کو میٹرو پولیٹن آفیسر کی طرف سے جاری کی گئی ہیں۔ یہ تقرریاں حکومت پنجاب کی پالیسیوں اور پنجاب لوکل گورنمنٹ سروس (اپائنٹمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس) رولز 2018 کی سراسر خلاف ورزی ہیں کیونکہ یہ آسامیاں لوکل گورنمنٹ سروس کے اراکین کیلئے سختی سے مخصوص ہیں اور ان کیلئے مخصوص پیشہ ورانہ اہلیت کی ضرورت ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ نے 17-02-2025 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں واضح طور پر فیصلہ کیا کہ لوکل گورنمنٹ سروس کے ممبران کیلئے کسی بھی لوکل کونسل سرونٹ/مقامی ملازم کو تعینات یا اضافی چارج نہیں دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کو یقینی بنانے، انتظامی کارکردگی کو برقرار رکھنے، اور مقامی حکومت کے ڈھانچے میں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے لیا گیا ہے، اس پالیسی سے کوئی بھی انحراف غیر قانونی ہے۔ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر کی گئی مقامی تقرریوں سے سروس سٹرکچر پر عملدرآمد میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، فنکشنل کارکردگی میں خلل پڑتا ہے، اور ہیڈ آفس میں مناسب ریکارڈ کی کمی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ کسی شکایت یا انکوائری کی صورت میں ریکارڈ کی عدم موجودگی انتظامی نگرانی کو مزید پیچیدہ بناتی ہے، جس سے احتساب مشکل ہو جاتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا اربوں روپے کا فلیگ شپ منصوبہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان اس وقت جاری ہے۔ انجینئرنگ کے کرداروں میں نا اہل اور غیر منظور شدہ اہلکاروں کی تعیناتی اس پراجیکٹ کی سالمیت اور کامیابی کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے، کیونکہ اس کے نفاذ کیلئے خصوصی تکنیکی مہارت کی ضرورت ہے۔ اس طرح کی غیر قانونی تقرریوں سے لوکل گورنمنٹ سروس کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر نے تمام کام کرنے والے یونٹس (انجینئرنگ، پلاننگ، فنانس، اور ایڈمنسٹریٹو) میں لوکل گورنمنٹ سروس کے افسران کیلئے ہونیوالی آسامیوں کے خلاف مقامی ملازمین کی تمام غیر قانونی اور غیر قانونی تقرریوں کو غیر قانونی اور حکومت کی پالیسی کے خلاف ہونے کی وجہ سے کالعدم قرار دے دیا ہے اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کو 7یوم کے اندر احکامات پر عملدرآمد کرنے کا مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے ترجمان ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ان کے موقف کو جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا ہے لیکن ان کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور اس بابت اپنا کوئی موقف پیش کرنا چاہیں تو روزنامہ ”مشرق“ کے صفحات حاضر ہیں ان کے موقف کو من و عن شائع کیا جائیگا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ماتحت ملازمین افسران کی آسامیوں پر تعینات
















