قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت قیدیوں کو ہنرمند بناکر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے دوررس اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ رہائی کے بعد وہ نارمل زندگی بسر کرسکیں۔ دوران قید انہیں صحتمند تفریحی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن بنائی گئی ہے تاکہ ان کی ذہنی و جسمانی صحت کا بھی خیال رکھا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات سنٹرل جیل ساہیوال کے دورے کے دوران کہی جس میں انہوں نے قیدیوں کی تربیت کیلئے بنائی گئی مختلف ورکشاپس میں انہیں تربیت حاصل کرتے دیکھا۔ وہ ساہیوال ریجن والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی مہمان خصوصی تھے جو سنٹرل جیل ساہیوال اور ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جسے ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد 15-6سے جیتا۔ میچ کو قیدیوں کی بڑی تعداد نے بھی دیکھا جنہوں نے ہر شاٹ پر کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی۔ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل نوید اشرف، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ کاشف رسول خالد اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس صوبہ خان، قمرالسلام اور علی فراز اور ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ عظمت سلیم، نائب صدر شیخ شکیل احمد اور سابق صدر رانا وسیم اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سنٹرل جیل پہنچنے پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا جس کے بعد انہوں نے والی بال مقابلہ دیکھا اور جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی دی۔ بعدازاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے صوبے کی ہر جیل کی تمام بیرکس میں لائبریری کارنر بنانے کی ہدایت پر بک شیلف تیار کرنے کی ورکشاپ کا دورہ کیا۔ سپرنٹنڈنٹ نوید اشرف نے بتایا کہ صوبے کی تمام جیلوں کے لئے5سو بک شیلف تیار کی جارہی ہیں۔ کمشنر نے ساہیوال چیمبر کے تعاون سے مرد قیدیوں کیلئے سٹچنگ سنٹر کا بھی افتتاح کیا اور قیدیوں کو یونیفارم سینے کی تربیت حاصل کرتے دیکھا۔ انہوں نے جیل میں قائم ٹف ٹائلز مینوفیکچرنگ یونٹ، ویلڈنگ ٹریننگ سنٹر، کارپیٹنگ مینوفیچرننگ یونٹ، موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ریپئرنگ یونٹ اور جووینائل سکول کا بھی معائنہ کیا۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے قیدیوں کو ہنرمند بنانے کا کام کو سراہا اور سپرنٹنڈنٹ نوید اشرف اور جیل عملے کی طرف سے جیل کو صاف ستھرا رکھنے اور قیدیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے جذ بے کو سراہا۔