لاہور، کراچی: (خبرنگار بیورو رپورٹ) وفاق، سندھ نے نہری تنازع مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق کرلیا۔
پارٹی قیادت کی ہدایت پر مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنمائوں نے ٹیلیفونک گفتگو میں کینالز مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
رانا ثنا نے کہا وزیراعظم شہباز شریف، قائد (ن) لیگ نوازشریف نے ہدایت دی ہے سندھ کے تحفظات کا خاتمہ کیا جائے، کینالز کے معاملے پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر ہر فورم پر اپنا موقف پیش کرچکی، پیپلز پارٹی ، سندھ کے عوام کو متنازع کینالز پر شدید تحفظات ہیں،1991معاہدے کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی بھی کینالز کے معاملے پر وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
دریں اثنا میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاق پہلے نہروں کا منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کرے پھر مذاکرات کریں گے، معاملہ پنجاب کے وزرا نے خراب کیا، وزیراعظم سے فیصلہ چاہتے ہیں، وفاق کو نہروں کے منصوبے سے دستبردار ہونا چاہئے، کسی ایک سے پانی لیکر دوسرے کو دینا آئین میں نہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا متنازع کینالز پر صدرزرداری ،بلاول بھٹو کا موقف واضح ہے،سندھ نے اپنا مقدمہ مضبوطی سے لڑا، وزیراعظم کو بلاول بھٹو کے مطالبے پر کینالز منصوبے کو ختم کردینا چاہئے ، غیرمشروط طور حکومت کا ساتھ اس لیے دیا کیونکہ ملک میں امن و خوشحالی پیاری ہے، ترقی کے حق میں ہیں لیکن پانی کی کمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ لاہور ہائیکورٹ خود فرمارہی ہے پانی کیلئے کام کیا جائے، وزیراعظم شہباز شریف کو فوری طور پر کینال منصوبے کو روکنا چاہئے۔
دوسری جانب دریائے سندھ سے 6متنازع کینالز کی تعمیر کیخلاف سندھ کے مختلف شہروں میں قوم پرست، سماجی و سیاسی جماعتوں کی کال پر مکمل شٹرڈائون ،پہیہ جام ہڑتال کی گئی،صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئیں ،مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،نوشہروفیروز میں قومی شاہراہ پر دھرنے ،مکمل شٹ ڈائون ہڑتال کے باعث سڑکیں ویران رہیں،خیرپور میں مظاہرین نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی۔
مظاہرین نے کہا اگر منصوبہ بند نہ ہوا تو ریل نظام بھی مفلوج کر دیں گے، شہر میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال رہی،گمبٹ میں قومی شاہراہ کو بند کر دیا گیا، مسافر گرمی میں سڑکوں پر بے یار و مددگار رہے،لاڑکانہ، رتوڈیرو اور باقرانی میں بھی مکمل ہڑتال دیکھی گئی۔
جناح باغ چوک پر قوم پرست جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،جیکب آباد میں جسقم کی کال پر مکمل شٹرڈائون ہڑتال رہی، کارکن کھلی دکانیں بند کراتے رہے،مٹیاری میں قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر راستے بند کر دئیے گئے، شہر میں مکمل شٹرڈان ہڑتال رہی،جامشورو، میرپورخاص، بدین اور ٹھٹھہ سمیت دیگر شہروں میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی،قوم پرست جماعتوں نے خبردار کیا اگر وفاقی حکومت نے متنازع کینال منصوبے واپس نہ لئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔
نہری تنازع کاحل مذاکرات،وفاق،سندھ میں اتفاق
















