یورپی یونین سرمایہ کاری کرے،مریم نواز،پنجاب میں زیروپولیو کیس کا ہدف مقرر


لاہور: (اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا (DSAS) نے ملاقات کی،مریم نواز نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا،باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم و سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال ،تجارت، امن، ترقی ، مشترکہ اہداف کےلئے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔

وزیراعلیٰ نے تعلیم، آئی ٹی، گرین انرجی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہایورپی یونین پارلیمانی وفد کی آمددوطرفہ مضبوط، پرامن اور دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے، پاکستان یورپی یونین کےساتھ قابل اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یورپی یونین پاکستان کا شراکت دار ہی نہیں بلکہ دنیا میں استحکام کی آواز بھی ہے،جی ایس پی پلس ملنے سے پاکستان کی برآمدات، بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے میں بہت بہتری آئی ، انسانی حقوق ، لیبر ریفارمز سمیت تمام تقاضے پورے کرنے کےلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

مریم نوازنے کہاپنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے، سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول مہیا کر رہے ہیں،زراعت، توانائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی منصوبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں،پاکستان کا نوجوان باصلاحیت ،متحرک ، عالمی جاب مارکیٹ سے منسلک کرنے کےلئے ٹریننگ کورسز کرا رہے ہیں،پاکستان علاقائی و عالمی امن کےلئے پرعزم ہے،یورپی یونین کے وفد نے ملاقات کے دوران حکومت پنجاب کے اختراعی اقدامات کو سراہا۔

دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نوازنے پنجاب میں زیروپولیو کیس کا ہدف مقرر کرتے ہوئے مہم کے دوران مسنگ چلڈرن کا تناسب بھی زیرو کرنے کی ہدایت کردی،مریم نوازنے کہاکوئی بچہ پولیو سے بچاو کی ویکسین کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے، مشترکہ کوشش سے زیرو پولیو کا ہدف باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے، کسی بھی بچے کا پولیو کے رسک پر ہونا ہر گز گوارا نہیں۔