پولیس تشدد کیخلاف ینگ ڈاکٹرزکی ہڑتال ،آﺅٹ ڈور بند،مریض علاج کیلئے دربدر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین پر پولیس تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف نے سرکاری ہسپتالوں کے آﺅٹ ڈور وارڈز میں ہڑتال کر دی جس کی وجہ سے مریضوں کو واپس لوٹنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین پر پولیس کے تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری ہسپتالوں کے آﺅٹ ڈورز میں کمروں کو تالے لگا دیئے، نرسز اور پیرامیڈیکس سٹاف نے آﺅٹ ڈور اور پرچی کاﺅنٹرز بند کر دیئے جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ہڑتال کے باعث سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال ، گنگارام ہسپتال، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،چلڈرن ہسپتال، جنرل ہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں کے آﺅٹ ڈورز میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مایوس واپس لوٹنا پرا۔ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی ہڑتال کے باعث مختلف وارڈز میں داخل مریضوں کا علاج بھی بری طرح متاثر ہوا ۔ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کل پیر کے روز آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔