لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایم ایس حضرات کی دو روزہ ٹریننگ کا آغاز پر تربیتی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز سید واجد علی شاہ اور راجہ منصور احمد، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز اور مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایم ایس حضرات کے تربیتی سیشن کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ٹیچنگ ہسپتالوں کے تمام ایم ایس حضرات کو تربیتی سیشن میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے ایم ایس حضرات کو دکھی انسانیت کی خدمت کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ نظام صحت کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔ایم ایس حضرات کو خدمت انسانیت کیلئے ہماری ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا۔سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کر رہے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں اچانک دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ محنت کرنے والا ایم ایس ہی محکمہ صحت کا حصہ رہ سکتا ہے۔ صحت کارڈ کو ماضی میں سیاسی طور پر استعمال کرنے کے چکر میں عوام کا بہت نقصان کیا گیا۔صحت کارڈ کو اب عوام کیلئے سودمند بنا رہے ہیں۔سیکرٹری صحت علی جان خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اہم اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور اور ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی بھی اجلاس میں شرکت۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔ ایجنڈا 1 میں فلڈ پروٹیکشن اور دریائی کٹاو بارے 6 سکیموں پر بریفنگ دی گئی۔ چولستان میں 4 آر او واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کا ایجنڈا بھی شامل تھا۔ دریائی علاقوں میں موجود آبادیوں کے سروے اور میپنگ بارے اربن یونٹ کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی گئی۔ فیز 1 میں دریائے سندھ اور ہل ٹورنٹس کے اطراف تفصیلی سروے کیا جائے گا۔ دریائی کٹاو کی روک تھام کیلئے 4 سکیموں کی 550 ملین روپے کی مالیت سے منظوری دی گئی۔ ضلع قصور میں دریائے ستلج پر ولے والا بند کی مظبوطی بارے بھی بریفننگ دی گئی۔ لیہ میں دریائی کٹاو کی روک تھام کیلئے تحصیل کروڑ میں حفاظتی بند کی تعمیر و مضبوطی کی منظوری دی گئی۔ بیلہ سرباں سے ہیڈ تریموں ضلع جھنگ تک دریائے چناب کے دریائی کٹاو کی روک تھام کیلئے سکیم کی منظوری دی گئی ہے۔ تحصیل کوٹ مومن اور قادر آباد بلوکی لنک سرکل دریائے چناب کے کٹاو کی روک تھام کیلئے سکیم کی ماڈل سٹڈی کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل واسا نے کابینہ کمیٹی کو ڈی سلٹنگ مہم بارے بریفنگ دی۔ 3 مراحل میں تمام ندی نالوں کی ڈی سلٹنگ مکمل کی جاتی ہے۔ کابینہ کمیٹی نے واسا حکام کو مون سون سیزن سے پہلے ڈی سلٹنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو چولستان میں ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے بچاو¿ کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے چولستان میں 4 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کی منظوری دی ہے۔ کابینہ کمیٹی نے واسا حکام کو مون سون سیزن سے پہلے ڈی سلٹنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تمام کمشنرز اور ڈی سی حضرات ڈی سلٹنگ کے عمل کی مانیٹرنگ کریں۔ شہریوں کو موسمی صورتحال بارے پیشگی الرٹ اور آگاہی فراہم کرتے رہیں۔ کمشنر لاہور، ڈی جی خان، فیصل آباد، سرگودھا، اور بہاولپور نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی سی قصور، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، بہاولپور، ڈی جی خان اور راجن پور کی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت ہوئی۔ آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلیپمنٹ، لائیو سٹاک، تعلیم، فنانس، محکمہ ایمرجنسی سروسز اور پنجاب پولیس کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
نظام صحت کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں: خواجہ سلمان رفیق


















