ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے پنجاب کا محکمہ صحت کو مراسلہ

لاہور (کامرس رپورٹر) ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ صحت و میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کردیا۔ صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا جس میں ہنگامی اقدامات کی ہدائت کی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے سیکرٹری محکمہ صحت کو مراسلہ جاری کیا جس کے متن میں کہا گیا کہ ہیٹ ویو ایمرجنسی پروٹوکولز کو آپریشنلائز کیا جائے اور ہسپتال عملے کو مکمل طور پر سینی ٹائزڈ اور ٹرین رکھا جائے،ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، آئی وی فلوئڈ، کولنگ ڈیوائسز اور دیگر ادوایات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو مینجمنٹ یونٹس اور کولنگ وارڈز قائم کیے جائیں،تمام سرکاری و پرائیوٹ ہسپتالوں میں سپیشل ایس او پیز کی تشہیر کی جائے۔ ہیٹ سٹروک کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کیلئے موبائل میڈیکل کولنگ کیمپس کے انتظامات کئے جائیں۔ پیرامیڈیکس، نرسز اور ایمرجنسی سٹاف کیلئے آگاہی سیشن اور ٹریننگ سیمینارز کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی عیادت کیلئے آنے والے افراد کو دھوپ سے محفوظ رکھنے کیلئے شیلٹرز قائم کئے جائیں، پانی اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ عوامی آگاہی کے بارے میں اقدامات کئے جائیں اور ہسپتال میڈیا یونٹس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔