وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کےلئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کردیا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)خصوصی عدالتوں کاقیام، لین دین میں فائلر شمار،بچوں کیلئے میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹہ،وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کےلئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کردیا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا اوورسیز پاکستانی سفیر اور سروں کے تاج ،ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی سہولت دی جائےگی تاکہ پاکستان نہ آنا پڑے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر سچے پاکستانی ،زبردست پروفیشنل ہیں جو دل میں ہوتا ہے وہی بات ان کے زبان پر ہوتی ہے،جنرل سید عاصم منیر کے ہاتھوںمیں پاکستان کا دفاع محفوظ ہے،کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو پاکستانی پاوں تلے روند دیں گے۔

وزیراعظم نے کہااوورسیز پاکستانیوں کے جذبے ، قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایک کروڑ سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ملکوں میں مقیم ہیں،اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کےلئے خصوصی عدالتیں قائم کردیں، پنجاب اور بلوچستان میں بھی عدالتیں قائم کرنے کےلئے اقدامات جاری ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے محنت،قربانیوں سے اپنا مقام بنایا، آپ سروں کے تاج ،سفیر ہیں، اوورسیز کا دل پاکستان کیساتھ دھڑکتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت سے رزق حلال کما رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاسب جانتے ہیں دہشتگردوں کو کون فنڈنگ کررہا ہے اور تانے بانے کہاں ملتے ہیں؟ 2018 میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوچکا تھا،افواج اپنی جان کا نذرانہ دے کر قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہی ہیں، ماضی کی غلطیوں کے باعث دہشتگردی واپس آئی، سوات و دیگر علاقوں سے دہشتگردوں کو لا کر بسایا گیا۔

وزیراعظم نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے یونیورسٹیوں میں 5،میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹہ مختص کردیا،ایف بی آر اوورسیز پاکستانیوں کو لین دین ، بینک معاملات میں بطور فائلر شمار کرے گا، نیوٹیک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو ابتدائی ہنرمند بنانے کےلئے کورس کرائے گا۔

شہبازشریف نے کہاویڈیولنک کے ذریعے تمام مشنز سے شواہد کی ای ریکارڈنگ کی سہولت دی جائے گی، مقدمات کی ای فائلنگ کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں ، سہولت 60 دن میں ملے گی،میرپور آزاد کشمیر میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی فیزبیلٹی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ، سب سے زیادہ فارن ایکسچینج بھیجنے والوں کو ہر سال 15 سول ایوارڈز دیئے جائیں گے،مارچ میں اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 4.1 ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، آپ لوگ اسی طرح بھیجتے رہے تو ملک مزید ترقی کرے گا۔