پٹرول کی بجائے بجلی مزید سستی کر کے عوام کو ریلیف دینگے:وزیر اعظم

اسلام آباد، کراچی (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےمیکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا، بجلی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے کوششیں جارہی ہیں، عالمی منڈی میں پٹرولیم نرخ کم ہونے پر ایک بار پھرپٹرول کی بجائے بجلی سستی کریں گے، اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے قوم کو ہرشعبے میں فائدہ پہنچے گا جس میں مزید کمی کیلئے کوشش کی جارہی ہے امید ہے چند ماہ میں مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حال ہی میں کمی واقع ہوئی ہے اس کا دیرپا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے، تجاویز پر غور کیا جارہا ہے، جلد ایک آپشن بناکر لائیں گے،شہباز شریف نے کہا ایک آپشن تو یہی ہے آج سے چند ہفتے پہلے تیل کی قیمت میں کمی واقع ہوئی تھی لیکن ہم نےپٹر ول کی قیمت کم نہیں کی بلکہ اسے پی ڈی ایل میں لے گئے تاہم ہم نے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے اس کے عوض بجلی کے نرخ کم کردئیے۔

وزیراعظم نے کہا اسی طرح عالمی سطح پر پٹر ول کی جو مزید قیمتیں کم ہورہی ہیں اس کےلئے ہم پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کریں گے تاکہ اس کا بھی فائدہ بالآخر ہماری معیشت اور ہمارے عوام کو پہنچے، میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کےلئے ٹاسک فورس قائم کی ، ٹاسک فورس نے میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کےلئے سخت محنت کی جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

مزید برآں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کی ترقی کےلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا،خط میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعظم سے کراچی کی ترقی کیلئے 100 ارب روپے مانگ لئے،گورنر سندھ نے خط میں کہا کراچی کی تباہ ہوتی ہوئی صورتحال کیلئے 100 ارب روپے دیئے جائیں، وفاق کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔