کراچی (مشرق نیوز) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن آف پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن سے متعلق دیرینہ مسئلہ آئندہ چند دنوں میں حل کر لیا جائیگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں واقع سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں وفاقی وزیر صحت اور ایچ ڈی اے پی کے وفد کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی۔
وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید عمر احمد نے کی جب کہ سینئر وائس چیئرمین شاہن ارشاد، سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفر ہاشمی، مسعود احمد اور سابق وائس چیئرمین عابد منیار بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت نے میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کے مسئلے کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی تاکہ ملک بھر میں طبی آلات کی بلاتعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
وفد نے میڈیکل ڈیوائسز رولز 2017 کے تحت رجسٹریشن کی لازمی مدت میں توسیع کی فوری ضرورت سمیت متعدد ریگولیٹری چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اگرچہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کا دعویٰ ہے کہ سینکڑوں رجسٹریشن درخواستوں پر کارروائی مکمل ہو چکی ہے لیکن اس کے باوجود سرٹیفکیٹس جاری نہیں کئے جا رہے جس کے باعث کسٹمز حکام درآمدی سامان کو روک رہے ہیں۔
وفد نے نشاندہی کی کہ ماضی میں ڈریپ نے افرادی قوت کی کمی اور درخواستوں کی زیادہ تعداد کو جواز بنا کر کلاس اے اور بی میڈیکل ڈیوائسز کیلئے درخواستیں نہ دینے کا کہا تھا اور یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ رجسٹریشن کی مدت میں توسیع دی جائیگی تاہم اب ان یقین دہانیوں سے پیچھے ہٹا جا رہا ہے جس سے میڈیکل ڈیوائسز کے درآمد کنندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیر صحت مصطفی کمال کی میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی


















