بجلی قیمتوں پر بڑا ریلیف پیکیج تیار،وزیراعظم قوم سے خطاب میں خوشخبری سنائیں گے

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)بجلی قیمتوں پر بڑا ریلیف پیکیج تیار،اعلان وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔

ذرائع کے مطابق شہبازشریف جمعرات کوپاور سیکٹر کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، دوپہر 2 بجے شروع ہونے والے اہم اجلاس میںکابینہ اراکین سمیت 336 بزنس ٹائیکون موجود ہوں گے،شہباز شریف پاور سیکٹر ریفارمز پر اعتماد میں لیں گے۔

ادھر وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں کہا وزیراعظم شہباز شریف آج قوم سے خطاب میںبڑا فیصلے کا اعلان کریں گے،عوام کو بڑا سرپرائز ، بڑی خوشخبری ملے گی۔

دریں اثنا پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا وزیراعظم شہباز شریف قوم کو بڑی خوش خبری سنائیں گے،اڑھائی سال میں سمیٹی گئی کامیابیوں کا فائدہ قوم تک منتقل کرنے کاوقت آگیا،انقلابی ریلیف پیکیج ہر گھر کی خوش حالی یقینی بنائے گا۔

ذرائع کے مطابق بجلی صارفین کو 4 سے 8 روپے تک ریلیف ملنے کا امکان ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام کو ملے گا۔