قائم میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیڈی ولنگڈن سروسز ہسپتال کی رہائشگاہ پر قابض
لاہور (مقصود خالد) قائم میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیڈی ولنگڈن ہسپتال سروسز ہسپتال کی رہائش پر براجمان محکمہ صحت کیلئے چیلنج بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سعید مبینہ طور پر سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی پرنسپل کی آشیر باد سے پہلے سروسز ہسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات رہے اور آج کل لیڈی ولنگٹن ہسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر تعینات ہیں۔ ڈاکٹر سعید جو 8 مارچ 2021ءکو سروسز ہسپتال سے لیڈی ولنگٹن ہسپتال میں ٹرانسفر کر دئیے گئے تھے، ابھی تک سروسز ہسپتال میں قائم سرکاری گھر اے سیون پر قبضہ کر رکھا ہے اور حکومتی الاٹمنٹ پالیسیوں کی دھجیاں اُڑاتے نظر آتے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے سرکاری گھر کو خالی کرنے کے بارہا نوٹس ردی کی ٹوکری کی نذر ہو جاتے ہیں۔ڈاکٹر سعید پرنسپل کیساتھ رشتہ داری کے دعویدار ہیں ، یہ عالم ہے کہ سروسز ہسپتال انتظامیہ نے 16 دسمبر 2024ءکو انہیں 22 لاکھ روپے کی ریکوری کا نوٹس بھیجا تو تو ذرائع کے مطابق سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے سروسز ہسپتال نے ڈاکٹر سعید کو غیر قانونی قبضہ پر نوٹس جاری کردیا مگر ڈاکٹر سعید نے اثر و رسوخ استعمال کرکے سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہی تبدیل کروا دیا۔ڈاکٹر سعید کو سروسز ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے 25 جنوری 2024 کو لیٹر نمبر 2714 کے تحت پہلے 18 لاکھ 37 ہزار 864 روپے ریکوری کا نوٹس پھر یکم اگست 2024 کو لیٹر نمبر 2684 کے تحت گھر خالی کرنے کا نوٹس بھیجا گیا۔ جب بات نہیں بنی تو ایک بار پھر 26 ستمبر 2024 کو لیٹر نمبر 34252 کے تحت گھر خالی کرنے کا نوٹس بھیجا گیا جس کا کوئی اثر نہ ہوا ا ڈاکٹر سعید نے اس نوٹس کو کسی خاطر میں لایا 16 دسمبر 2024ءکو ایک بار پھر ڈاکٹر سعید کو لیٹر نمبر 48507 کے تحت 22 لاکھ 40 ہزار 550 روپے ریکوری کا نوٹس بھیجا گیا یہ نوٹس بھی بے سود گیا۔ پھر انتظامیہ نے 8 فروری 2025 کو لیٹر نمبر 5419 کے تحت ڈاکٹر سعید کو فائنل نوٹس بھیجا مگر پونے دو ماہ گزرنے کے باوجود بھی ڈاکٹر سعید نے گھر خالی کرنے اور ریکوری دینے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر سعید آئندہ دو تین ماہ میں ریٹائر ہونے والے ہیں جس کے بعد ریکوری کی رقم 23 لاکھ سے بڑھ جائیگی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ ریکوری کون کریگا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سعید سے ریکوری کرنے کیلئے کیس اینٹی کرپشن اتھارٹی کو بھیجا جائے تاکہ مقدمہ درج کر کے حکومتی خزانے میں رقم جمع کرائی جا سکے۔


















