تھیلیسیمیا سینٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا،صوبائی وزار

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزرا خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے سندس فاو¿نڈیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کی عیادت کی ،سہولیات کا جائزہ لیا۔

وزراءنے زیر علاج بچوں میں عید کی مناسبت سے تحائف اور عیدی تقسیم کی جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی دیکھنے کو ملی، خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندس فاونڈیشن کی خدمات دیکھ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، آج سے27 سال قبل منو بھائی نے جو پودا لگایا آج تن آور درخت بن چکا ہے۔

عمران نذیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے اعلان کیا تھیلیسیمیا سینٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا، آنے والے وقتوں میں ہسپتالوں اور ہیلتھ کیئر کے نظام کو بہتر بنانے کےلئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے، غلط خبریں پھیلانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

سلمان رفیق نے بھی سندس فاونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ادارہ ہزاروں بچوں کےلئے ایک چھتری کی مانند ہے جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں،صوبائی وزیر نے منو بھائی مرحوم کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا سندس فاونڈیشن کوششوں کی بدولت ایک کامیاب فلاحی ادارہ بن چکا ،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں محکمہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔