لاہور: (اپنے رپورٹر سے) پنجاب کی 27 ہزار دیہی خواتین کیلئے چیف منسٹر مریم نواز آئی ٹی ٹریننگ اور ڈیجیٹل سکلز کا جامع پروگرام شروع کردیا گیا،آن لائن ٹریننگ کے دوران دیہی خواتین کو سکالر شپس بھی دیئے جائیں گے۔
ٹریننگ کی تکمیل پر ہر خاتون کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور فری وائی فائی ڈیوائس ملے گی،پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام دیہی خواتین کو 6ماہ آن لائن ٹریننگ دی جائےگی،آن لائن ٹریننگ میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، سوشل میڈیا مینجمنٹ، گرافکس ڈیزائن اور ملٹی میڈیا کورس شامل ہیں۔
دیہی خواتین کو فری لانسنگ، ریموٹ ورک، ڈیٹا انٹری، آفس آٹومیشن ،سائبر سکیورٹی سکلز سکھائے جائیں گے، ٹریننگ کی تکمیل پر پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سرٹیفکیٹ ،جاب لنک فراہم کرے گا،ٹریننگ کی تکمیل پر دیہی خواتین گھر بیٹھے فری لانسنگ ،ٹیک فرم یا آن لائن بزنس بھی شروع کر سکیں گی،دیہی خواتین گاوں کے گھر کو مائیکرو انٹرپرائزز میں تبدیل کر سکیں گی، دیہات کی خواتین پی ایس ڈی ایف کی ویب سائٹ (psdf.org.pk//:https) پر گھر بیٹھے اپلائی کر سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا دیہی خواتین کی آن لائن ٹریننگ سے فاصلوں کی رکاوٹیں ختم ہوں گی، خواتین کیلئے ٹیکنالوجی ایجوکیشن محض سکل نہیں بلکہ روشن مستقبل کو خود لکھنے کا ذریعہ بنے گی، دیہی خواتین اپنے گھر چھوڑے بغیر باعزت اور باوقار روزگار کما سکیں گی، پنجاب کی خاتون دیہات میں بیٹھ کر بھی انٹرنیشنل آئی ٹی مارکیٹ میں مسابقت کر سکیں گی۔
مریم نواز نے کہادیہات کی 27 ہزار خواتین پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کی بانی بن سکیں گی، دیہی خواتین کی ڈیجیٹل ٹریننگ سے تعلیم، صنفی مساوات، باعزت روزگار، معاشی عدم مساوات میں کمی جیسے اہداف حاصل ہوں گے، دیہی خواتین کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنائیں گے۔
دریں اثنا جنگلات کے عالمی دن پراپنے پیغام میں مریم نوازنے کہا حکومت ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے اور آنےوالی نسلوں کو صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کےلئے پرعزم ہے، عوام سے اپیل ہے درخت ضرور لگائیں، چاہے سائے میں بیٹھنے کی توقع ہو نہ ہو، بچے اپنے والدین ، اساتذہ کرام کے نام پر درخت لگائیں،جنگلات کا وجود ماحول، معیشت اور شہریوں کےلئے لائف لائن ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کےلئے شجرکاری ناگزیر ہے،درخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے مٹائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاعالمی یوم جنگلا ت پرصوبے بھر میں 15لاکھ پودے لگائے جائیں گے، موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ پودے لگانے کا ٹارگٹ دےدیا،وزیراعلیٰ ”پلانٹ فار پاکستان“ مہم کے تحت 44لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
دیہی خواتین کیلئے چیف منسٹر مریم نواز آئی ٹی ٹریننگ، ڈیجیٹل سکلز پروگرام کا آغاز
















