اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے موسمیاتی تبدیلی سنگین مسئلہ، حکومت چیتے کی بجائے کچھوے کی چال چل رہی ہے۔
موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قیام کیس پرسماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کی، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے موسمیاتی تبدیلی سنگین مسئلہ ہے، حکومت کو چیتے کی رفتار سے چلنا چاہیے لیکن وہ کچھوے کی چال چل رہی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا چیئرمین کی تعیناتی کےلئے تیسری مرتبہ اشتہار دیا گیا،جسٹس جمال نے استفسار کیا پہلے 2 مرتبہ اشتہار دینے کا فائدہ کیوں نہیں ہوا؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا شارٹ لسٹ کیے گئے 3 ناموں میں سے پہلے نمبر والے امیدوار کی دہری شہریت نکلی، حکومت کی پالیسی ہے کسی اعلیٰ عہدے پر دہری شہریت کا حامل شخص تعینات نہیں کیا جائے گا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا جس اعلیٰ معیار کا بندہ آپ ڈھونڈ رہے ہیں اس کےلئے کچھ تو کمپرومائز کرنا پڑے گا، اصل مسئلہ صوبوں کا ہے، اتھارٹی کام کیسے کرے گی؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا صوبوں سے اتھارٹی ممبران تعینات ہو چکے ،جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے کے پی سے فیصل امین کو ممبر موسمیاتی تبدیلی نامزد کیا گیا جو وزیراعلیٰ کے بھائی ہیں، بلوچستان سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ممبر بنایا گیا ،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا بلوچستان کے رکن کو جانتا ہوں،شعبے میں کوئی مہارت نہیں ، پنجاب ،سندھ سے بیوروکریٹس کو ممبر نامزد کیا گیا ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا صوبوں سے رابطہ کریں گے ٹیکنوکریٹس کو نامزد کیا جائے،جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کیا اتھارٹی کے رولز بن گئے ؟ ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہارولز کا مسودہ تیار ہوگیا ، منظوری کےلئے وزارت قانون کو بھیجا جائے گا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا 2017 میں قانون بنا اب تک چیئرمین مقرر ہوا نہ رولز بن سکے، صوبوں میں ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے سربراہ کیسے تعینات ہوتے ہیں سب کو علم ہے،بعد ازاں عدالت نے سماعت ایک ماہ کےلئے ملتوی کر دی۔
موسمیاتی تبدیلی ، حکومت کچھوے کی چال چل رہی ہے، جسٹس جمال مندوخیل


















