وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کا عزم

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سعودی عرب کے عزم کو سراہا، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔ فریقین نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماو¿ں نے ابھرتی علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے ہر سطح پر ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماو¿ں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم اور ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وڑن کی رہنمائی میں پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کے سربراہ محمد التویجری نے بھی ملاقات کی۔