راشن حقیر سی خدمت،کم مراعات یافتہ طبقہ کا طرز زندگی بہتر بنائیں گے:عطا تارڑ

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے ملکی ترقی و خوشحالی کےساتھ کم مراعات یافتہ طبقہ کا طرز زندگی بہتر کرنے کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف وفاق ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے صوبے کی سطح پرخصوصی رمضان پیکیج دیا۔

عطا تارڑ نے این اے 127میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر کہارمضان المبارک صبر کرنے کےساتھ مستحقین کا خیال رکھنے کا بھی مہینہ ہے،راشن کی تقسیم حقیر سی خدمت ہے،عوام کےساتھ کھڑے ہیں،ساجدہ تارڑ نے کہا بابرکت مہینے میں اپنے گردونواح میں مستحق افرادکا خصوصی خیال رکھنا چاہئے،راشن عوام کےلئے تحفہ ہے۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نومنتخب عہدیداروںکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آزادی صحافت کے فروغ اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے حل کےلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، امید ہے اے پی این ایس کی نومنتخب قیادت صحافتی اقدار کے فروغ، میڈیا انڈسٹری کی ترقی اور عوام کو درست و مستند معلومات کی فراہمی کیلئے خدمات جاری رکھے گی۔