لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے پاکستان مختلف مذاہب کی برادریوں کا حسین امتزاج ہے، سب کو یکساں حقوق و مواقع میسر ،ہر مذہب، ہر برادری کو مکمل احترام حاصل ہے۔
مریم نواز نے ہولی کے تہوار پر خصوصی پیغام میں کہا رنگوں کا خوبصورت تہوار ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے،پنجاب حکومت اقلیتوں کے مذہبی اور ثقافتی تہواروں کو سرکاری سطح پر منانے کا بھی اہتمام کر رہی ہے،اقلیتی برادری کے افراد کو تعلیم، صحت، روزگار و دیگر بنیادی سہولیات یکساں طور پر فراہم کی جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نادار بہن بھائیوں کی مالی معاونت کےلئے منیارٹی کارڈ پروگرام شروع کیا ، حکومت اقلیتوں کے تحفظ و فلاح و بہبود کےلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ایسا پنجاب بنا رہے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ، بااختیار اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے۔
مریم نواز نے کہااقلیتوں کے مذہبی تہواروں کےلئے گرانٹس میں اضافہ کیا گیا،اقلیتوں کے مال و جان کے تحفظ کو ریڈ لائن قرار دے کر یقینی بنایا جارہا ہے، دعا ہے دن سب کےلئے خوشیوں، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام لےکر آئے۔
پنجاب میں اقلیتوں کے تحفظ کو ریڈ لائن قرار دے کر یقینی بنادیا،مریم نواز
















