اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے 190 ملین پاﺅنڈز حکومتی اکاونٹ میں منتقل کر نے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاسکولوں کے بعد دانش یونیورسٹی بنائیں گے، دانش یونیورسٹی ایسی درسگاہ ہو گی جہاں مستحق و لائق طلبہ کو اعلیٰ درجے کی تحقیق پر مبنی تعلیم سے آراستہ کیا جائےگا۔
دانش یونیورسٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا سکولوں کے بعد دانش یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، دانش یونیورسٹی کو ایسا ادارہ بنائیں گے جو دنیا میں نام پیدا کرے گی، ادارہ نوجوان نسل کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے دنیا کے بہترین سکالرز ،ماہرین کو دانش یونیورسٹی میں مدعو کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہااپلائیڈ سائنسز کی یونیورسٹی بنائیں گے، قوم کے بچے ، بچیوں کو بہترین تعلیم ملے گی،پاکستان ، دنیا کے بہترین اساتذہ ،ڈاکٹرز کو دعوت دیں گے، ملک کے اندر دانش یونیورسٹی کی طرح کا ادارہ پہلے کبھی نہیں بنا تھا،منصوبے کا تخمینہ 190 ملین پاونڈ ہے،شہبازشریف نے کہا 190 ملین پاو¿نڈز سپریم کورٹ کے اکاونٹ میں آئے، 190 ملین پاونڈ کو بددیانتی سے ایسے اکاونٹ میں بھیجا گیا جس کا ملکی خزانے سے کوئی تعلق نہیں ، چیف جسٹس کی جانب سے کہا گیا پیسہ حکومت ،عوام کا ہے، حکومت جس طرح چاہے عوامی بہبود کیلئے استعمال کر سکتی ہے۔
دریں اثنارمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش ارزاں قیمتوں پر فراہم کرنے کےلئے قائم کردہ کمیٹی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا یقینی بنایا جائے کوئی بھی منافع خور سزا سے بچ نہ پائے اور کوئی بے گناہ زیر عتاب نہ آئے،رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،عوامی نمائندے ،وفاقی وزرا سستی اشیائے ضروریہ کی عوام کو فراہمی کیلئے اسلام آباد میں قائم رمضان بازار ، سہولت سٹالز و دیگر مختص مقامات کے دورے یقینی بنائیں،پرائس کنٹرول کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آئے۔
مزید برآں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا دہشتگردی نے پھر سراٹھالیا،امن کے حصول تک ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہو سکتا،خیبرپختونخوا ،بلوچستان میں دہشتگردی کےخلاف جنگ جاری ہے، ہر روز پولیس ،پاک فوج کے افسر و جوان قربانیاں دے رہے ہیں، عظیم قربانیوں کو ہمیشہ رہتی دنیا تک یاد رکھنا ہوگا۔
شہبازشریف نے کہاکابینہ میں توسیع کے بعد پہلا باضابطہ اجلاس ہے، امید ہے نئے وزرا کی شمولیت سے حکومتی کارکردگی میں بہتری آئے گی،میکرو پروگرام مستحکم پروگرام ہے اب ملکی ترقی کی طرف دوڑ لگانی ہے، معاشی ترقی سے براہ راست تعلق رکھنے والی وزارتیں عوام کی نظروں میں ہوں گی، معاملات تسلی بخش و احسن طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں،آئی ایم ایف مشن پاکستان کے دورے پر ہے،پروگرام ترقی کےلئے اہم ہے۔
وزیراعظم نے کہا مجھے یقین کامل ہے نئے وزرا دن رات کاوشیں کرکے اپنی اپنی وزارتوں میں خوشحالی کا انقلاب لے کر آئیں گے، ریلوے کی مکمل ٹرانفارمیشن چاہیے، شعبہ بحری امور میں بے پناہ صلاحیت ہے اب ہر سہ ماہی وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیکرقوم کو آگاہ کیاجائےگا، عوام کے نمائندے ہیں اور خدمت کرنے آئے ہیں، ہر تیسرے ماہ جائزہ ہوا کرے گا ،نتائج آپ کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
شہبازشریف نے کہارواں ماہ اچھی خبر آئی ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، اپنی برآمدات کو بھی زیادہ رفتار سے آگے بڑھانا ہے، ہر ہفتے ایک یا 2وزارتوں کو دعوت دوں گا، آپ تیاری کرکے آئیں گے ،ہر اجلاس میںا ہم فیصلے ہوں گے،190 ملین پاو¿نڈ سے اسلام آباد میں جدید یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا، یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز، آئی ٹی، اے آئی اور ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی تعلیم دی جائے گی اور دنیا بھر سے بہترین اساتذہ لائے جائیں گے، طے کیا ہے 14 اگست 2026 کو یونیورسٹی کے پہلے سیکشن کا آغاز ہوگا۔
علاوہ ازیں توسیع کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا،وزیراعظم نے نئے کابینہ اراکین کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،وفاقی وزیر احسن اقبال نے کابینہ کو رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجیئس ایجوکیشن کو وزارت وفاقی تعلیم سے منسلک محکمہ بنانے،پاکستان ،چین کے درمیان سائبر سکیورٹی شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی،نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم پاکستان اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر چائنہ باہمی تعاون کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیامفاہمتی یادداشت کے تحت سائبر حملوں کو روکنے کیلئے انٹیلی جنس تبادلہ کیا جائے گا،اقوام متحدہ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونٹ ، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام میں معاہدے کی منظوری بھی دی گئی ، معاہدے کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی یونٹ ایکسلیریٹر سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا،پاکستان کا نیشنل انکییوبیشن سینٹر اسلام آباد بطور آئی ٹی ایکسلیریٹر سینٹر کام کرے گا۔
وفاقی کابینہ نے سید جرار حیدر کاظمی کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا چیف ایگزیکٹو افسرتعینات کرنے،کموڈوررضوان علی منور کی بطور کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی کراچی مدت میں ایک سال توسیع ، انجینئرمسرت حسین کو پاکستان رئیل سٹیٹ انویسٹمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کا سی ای او تعینات کرنے ،ای سی سی کے 20 فروری 2025 کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کردی۔
دہشتگردی نے پھر سر اٹھالیا،امن کے بغیر ترقی وخوشحالی ممکن نہیں،وزیراعظم


















