اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران لاہور بار ایسوسی ایشن کے وکیل حامد خان کے دلائل مکمل ہو گئے،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی بنچ میں شامل تھے، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی بنچ کا حصہ تھے،پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے کہا گزشتہ سماعت پر پاکستان کی تاریخ کی دلائل دیئے اور پاکستان میں مارشل لاءاور ملٹری کورٹس کی تاریخ کا بتایا، سپریم کورٹ کا راولپنڈی بار کیس کا فیصلہ عدالت کے سامنے رکھا، راولپنڈی بار کیس میں فوجی عدالتوں سے متعلق 21ویں ترمیم چیلنج کی گئی تھی،کسی بھی حالات میں سویلینز کا اتنے بڑے پیمانے پر فوجی عدالتوں میں ٹرائل نہیں کیا جاسکتا، فوجی عدالتیں آئینی ترمیم کے بغیر قائم نہیں ہوسکتیں، فوجی عدالتوں کے حوالے سے آئینی ترمیم پر بھی اصول طے شدہ ہیں، فوجی عدالتوں کے حوالے سے آئینی ترمیم مخصوص مدت کیلئے ہوسکتی ہے، اس صورت میں فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف اپیل کا حق بھی دیا جانا ضروری ہے، موجودہ حالات میں ایسی کوئی صورتحال نہیں،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا 26ویں ترمیم کے بعد فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف اپیل کہاں ہوسکتی ہے؟، حامد خان نے جواب دیا ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی جاسکتی ہے مگر اس کا دائرہ اختیار محدود ہوتا ہے، فوج ایگزیکٹیو کا حصہ ہے جو عدالتی اختیارات استعمال نہیں کرسکتی، آرمی ایکٹ کو ایک طرف رکھیں تو آئین میں فوجی عدالتوں کی گنجائش نہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا آپ یہ بتائیں عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ کس نے کرنا تھا؟ آرٹیکل 175(3) کے تحت عدلیہ ایگزیکٹو سے خود بخود الگ تصور ہوگی ؟یا عدلیہ کے ایگزیکٹو سے الگ ہونے کی ڈیکلریشن عدلیہ دے گی یا پارلیمان ؟،حامد خان نے جواب دیا آئین کے الفاظ واضح ہیں، پارلیمان کے ڈکلیئریشن کی ضرورت نہیں، جسٹس علی مظہر نے ریمارکس میں کہا سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے میں کہا گیا فوجی عدالتیں آئین کے آرٹیکل 175(3) کے زمرے میں نہیں آتیں، سپریم کورٹ کے فیصلے میں فوجی عدالتوں کو تاریخی تناظر میں دیکھا گیا،جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل حامد خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کے مطابق آرٹیکل 175(3) کے تحت عدلیہ خود بخود ایگزیکٹو سے الگ تصور ہوگی، تو اسکا مطلب ہے آرٹیکل کے 14 سال بعد فوجی عدالتیں فوج کے ممبران کیلئے بھی قائم نہیں رہ سکتیں،جسٹس جمال مندو خیل نے کہا ایف بی علی کیس میں طے ہوا آرمی ایکٹ فوج کے ممبران کیلئے بنا، مگر ایف بی علی میں یہ بھی کہا گیاآرمی ایکٹ کا سیکشن ڈی اس مقصد کیلئے نہیں بنا، اب تنازع یہ ہے وہ کہہ رہے ایف بی علی کیس میں سویلینز کے ٹرائل کی بھی اجازت تھی، آپ کہہ رہے ہیں اجازت نہیں،ایڈووکیٹ حامد خان نے جواب دیا فوجی عدالتوں کے حق میں دلائل دینے والوں کا انحصار آئین کے آرٹیکل 8(3) پر ہے، آرمی ایکٹ میں شامل وہ شقیں جن کے تحت سویلین کا ٹرائل کیا جاتا ہے وہ غیر آئینی ہیں،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس میں کہا ایف بی علی میں کہا گیا پارلیمان معاملے پر 2 سال میں ریوو کر سکتی ہے مگر آج تک پارلیمان نے معاملے پر کچھ نہیں کیا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا تنازع یہ نہیں فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل کیا جائے یا نہیں، مسئلہ یہ ہے آرمی ایکٹ کے ماتحت جرائم اگر سویلینز کریں تو کیا ہوگا؟ آرمی ایکٹ میں درج جرائم کرنے پر اسکا دائرہ اختیار سویلینز تک بڑھایا جاسکتا ہے یا نہیں،وکیل حامد خان کے دلائل مکمل ہونے پر وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث روسٹرم پر آئے اور انہوں نے جواب الجواب کا آغاز کیا،جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا آپ جواب الجواب کے لیے کتنا وقت لیں گے جس پر خواجہ حارث نے بتایابہت سے اہم نکات سامنے آئے ہیں ، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے لگتاہے آپ کو جواب الجواب دلائل میں پورا ہفتہ لگ جائے گا ، خواجہ حارث نے کہا ہو سکتا ہے ایک ہفتہ لگ جائے،بعد ازاں عدالت نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت آج 11:30 بجے تک ملتوی کردی۔
مسئلہ یہ ہے آرمی ایکٹ کے ماتحت جرائم اگر سویلینز کریں تو کیا ہوگا؟ آئینی بنچ، وکیل حامد خان کے دلائل مکمل


















