آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

دبئی (مشرق نیوز) آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ سٹیو سمتھ نے میچ کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کو فوری ریٹائرمنٹ کا بتایا۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ سٹیو سمتھ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کیلئے دستیاب ہوں گے۔اس حوالے سے سٹیو سمتھ نے کہا کہ یہ سفر میرے لئے بڑا شاندار رہا ہے، میں نے ہر لمحے سے پیار کیا ہے، حیران کن لمحات اور شاندار یادیں رہی ہیں، دو ورلڈ کپ جیتنا کیریئر سب سے بڑی کامیابی ہے۔ سٹیو سمتھ کا کہنا ہے کہ اب لوگوں کے پاس موقع ہے کہ وہ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کریں، ٹیسٹ کرکٹ میرے لئے ترجیح رہے گی۔انہوں نے کہا کہ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا منتظر ہوں، دورہ ویسٹ انڈیز اور پھر انگلینڈ ہوم سیریز کا منتظر ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ میں اس وقت کرکٹ میں بہت حصہ ڈال سکتا ہوں۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں سٹیو سمتھ نے پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں کپتانی کی تھی۔چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں بھارت سے شکست ہوئی۔