اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بکنگ کینسل،دروازے بند،اپوزیشن کی ہوٹل لابی میں قومی کانفرنس،پیکا سمیت تمام غیر آئینی ترامیم ختم ، سیاسی قیدیوں کو رہا کیاجائے ،مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
کانفرنس سے قبل انتظامیہ نے ہوٹل کو تالہ لگا کر بند کردیا،اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن رہنما گیٹ پھلانگ کرہوٹل میں جا گھسے اور لابی میں ہی قومی کانفرنس کاآغاز کیا،پولیس اہلکار ، ایف سی کے دستے باہر موجود رہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاآئین میں اسمبلی کی مدت 5سال ضرور مگر ملکی حالات کو دیکھتے دوبارہ الیکشن کرانے کا ذکر بھی موجود ہے،عام انتخابات میںپی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، عمران خان پاور شیئرنگ نہیں ،عوامی طاقت پر یقین رکھتے ہیں،26ویں ترمیم ہر صورت واپس ہونی چاہیے،26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے آخری دن بتایا گیا کسی کے پاس کوئی ڈرافٹ نہیں ،فضل الرحمن نے کہا ووٹ کروں گا کچھ مجبوریاں ہیں،مولانا کے کردار سر اہتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا سب کچھ بھول کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی کو تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا اختیار دیا ،حکومت نے موقع ضائع کردیااب وقت ہے ایک دوسرے کو پہچاننا پڑے گا اور ہاتھ ملانا ہوگا،بانی پی ٹی آئی عوام کےلئے خط لکھ سکتے ہیں، بنگلہ دیش والا انجام نہیں چاہتے،قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ہونی چاہیے،عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، اپوزیشن کی کانفرنس کامیاب ہوگئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاعوام اٹھ چکے ہیں،عدلیہ کو آزاد اور ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے، حکومت میں بیٹھے لوگوں کی عوام میں کوئی مقبولیت نہیں ۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکانفرنس میں آئین و قانون کی بالا دستی پر بات ہوئی، سب نے ملکی بقا کا تحفظ کرنے کا حلف اٹھایا ، اپوزیشن کی کانفرنس کو روکنا قابل مذمت ہے،موجودہ حکومت کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں، اشتہار چھاپنے سے ترقی نہیں ہوتی، ملک میں افراتفری ہے، سندھ کے لوگ سراپا احتجاج ہیں، بلوچستان میں عوام کو جلسے کی دعوت دیتے ہیں،وفاق خیبرپختونخوا کے واجبات ادا کرے،عمر ایوب نے کہاملک میں صرف سیاسی قیدیوں کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے اکٹھے ہوئے ، آرٹیکل 7 میں ریاست کی تعریف واضح طور پر لکھی ہے، ریاست کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا حکومت اپوزیشن کی آواز سے ڈرتی ہے، ملک میں روایات کو روند دیا گیا،بات جمہوریت کی کرتے ہیں مگر اپوزیشن کی کانفرنس سے ڈرتے ہیں، آپ سوچوں پر پہرے نہیں لگا سکتے،ملک میں سیاسی بحران ہے، آئین نام کی کوئی چیز نہیں، پیکا قانون کے بعد آواز کو بند کر دیا گیا،موجودہ حکومت میں عہدوں پر فائز لوگ مستعفی ہوں، آزاد کشمیر، سندھ ، بلوچستان کے لوگوں کی بات ہونی چاہیے، پولیس کے دستے بھیجیں یا دروازے بند کریں، ہر صورت ملک میں بحالی آئین کی تحریک جاری رکھیں گے۔
جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کا حصہ نہیں اگر عمران خان ڈیل کرتے تو بہت پہلے لندن چلے جاتے، 8 فروری کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، میرا سب سے زیادہ رابطہ رہتا ہے، یقین دلاتا ہوں عمران خان کسی ڈیل کا حصہ نہیں،مختلف جماعتیں مقتدرہ کے ذریعے اقتدار حاصل کرتی رہی ہیں ماضی میں بہت غلطیاں ہوئیں اب ماضی میں نہیں پڑنا،چادر چار دیواریوں کو پامال کرنا سیاست نہیں شرافت کا معاملہ ہے، سندھ ،کے پی میں بسنے والے پاکستانی ہیں، یکجا ہو کر آواز اٹھائی تو کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی،گارنٹی کے طور پر ساتھ کھڑے ہوں گے، قوم متحد ہو کر باہر نکلے اور ساتھ دے۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہااب اسلام آباد میں بیٹھ کر چند افراد گفتگو بھی نہیں کر سکتے، کانفرنس کو روکنے کی کوشش کی گئی،سندھ سے آئے رہنما اپنے لوگوں کو کیا جواب دیں گے؟ شکر ادا کرنا چاہیے آئینی بالا دستی کی بات کی جا رہی ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا اقتدار کی طاقت میں لوگ اندھے اور بہرے ہو جاتے ، ہر قسم کی رکاوٹیں لگا دی جاتی ہیں،فیڈریشن کو خطرات لاحق ہیں، شدید ترین الفاظ میں آزادی اظہار رائے پر رکاوٹ بننے کی مذمت کرتا ہوں،بنیادی حقوق چھین لیے جائیں تو لوگ دوسرا راستہ اختیار کرتے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہامتحدہ مجلس عمل اور پی ڈی ایم کا اتحاد دیکھا مگر سب کےساتھ فعال کردار ادا کیا، آئین، جمہوریت اور عوامی ووٹ کے تقدس کی بات کی جائے،ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہیے، تمام جمہوری قوتیںقومی ایجنڈے پر اتفاق کریں،آئین کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، عدالتوں کی آزادی کےلئے جدو جہد کرنی چاہیے۔
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا بند کمرے میں بھی 100آدمیوں کو بات کرنے نہیں دی جارہی پھر کہتے ہیں سڑکوں پر کیوں آئے؟، سیاست کا کیا مقصد ہے آپ کے پوتے اور نواسے وزیر اعظم بن جائیں، سیاسی جمود رہے گا تو ملک و معاشرے میں عدم استحکام رہے گا،راتوں رات موجودہ اسمبلی نے ترامیم پاس کرا لیں، آپ ڈر رہے ہیں اگر ایمانداری سے آتے تو نہ ڈرتے۔
بعدازاں کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیاپیکا سمیت تمام غیر آئینی ترامیم ختم ،سیاسی قیدیوں کو رہا کیاجائے،موجودہ پارلیمنٹ کی کوئی اخلاقی، سیاسی و قانونی حیثیت نہیں،وطن عزیز آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی یقینی بنائے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا شاہد خاقان عباسی ،محمود اچکزئی کی دعوت پر ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں،سول سوسائٹی کے دانشوروں، صحافی برادری، سینئر وکلا ونمائندہ تنظیموں نے کانفرنس میں شرکت کی،ملک کے بگڑتے حالات پر تشویش کا اظہار اور وطن عزیز کو بحران سے نکالنے کےلئے تجاویز پیش کی گئیں۔
شرکا نے اتفاق کیا ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف آئین کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی میں ہے،8فروری کے دھاندلی شدہ انتخابات کے نتائج موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی بحران کے ذمہ دار ہیں،آئین کی روح سے متصادم تمام ترامیم ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں،آئینی انسانی حقوق کی بے دریغ پامالی قانون کی حکمرانی کی مکمل نفی اور غیر نمائندہ حکومت کی فسطایت کی واضح دلیل ہے۔
اعلامیے میں کہا گیاآئین کسی پاکستانی شہری کو سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے کےلئے ہراساں، گرفتار یا جیل میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیتا ،تمام سیاسی اسیروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے،عوام ،میڈیا کی زبان بندی کرنے کےلئے کی گئی پیکا ترامیم کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب ،سندھ میں لوگوں کی شکایات ،شکوﺅں خاص طور پر پانی کے وسائل کی تقسیم 1191کے واٹر ایکورڈ کے مطابق ہونی چاہیے۔
شرکا نے کہا ملک کے موجودہ بحران کا واحد حل آزادانہ، شفاف و منصفانہ انتخابات میں ہے،بگڑتے حالات کا تقاضا ہے قومی قیادت اپنے حالات و معاملات کو پس پشت ڈال کر قومی ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان کو مستحکم کرنے ، ترقی کی راہ پر ڈالنے کےلئے متفقہ حکمت عملی تیار کرے اور عملدرآمد کو یقینی بنائے،اعلامیے میں کہا گیا حزب اختلاف کی جماعتیں علامیے کے مندراجات کو عملی جامہ پہنانے کےلئے اجتماعی عملی جدوجہد کو جاری رکھنے کا عہد کرتی ہیں اور جدوجہد مسائل کے حل ، عوام کی فلاح کو یقینی بنانے تک جاری رہے گی۔
دریں اثنا اپوزیشن گرینڈ الائنس کے زیراہتمام کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے پر جے یو آئی نے دستخط کرنے سے انکار کر دیا،سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں، بطور مندوب اجلاس میں شرکت کی،اعلامیے پر دستخط نہیں کیے، اسلم غوری نے کہا جے یو آئی نے بطور جماعت اپوزیشن جماعتوں کے اعلامیے پر دستخط نہیں کئے، کسی کے بنائے اتحاد میں شامل نہیں ،بطور مبصر اپنا نقطہ نظر سامنے رکھا۔
مزید برآں اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قیادت پر مقدمہ درج ہونے کا امکان ہے، اپوزیشن جماعتوں کو انتظامیہ کی جانب سے کانفرنس کی اجازت نہیں دی گئی ،ذارئع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے رہنما نجی ہوٹل میں زبردستی کانفرنس کےلئے گھسے، تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس نے ہوٹل کے منیجر کا بیان ریکارڈ کر لیا،ہوٹل منیجر کے مطابق تمام افراد اجازت کے بغیر ہوٹل کی حدود میں داخل ہوئے ،سیاسی رہنما ہوٹل میں داخل ہو کر ہال پر قابض ہوگئے۔
دوسری جانب مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے نہ نو من تیل تھا نہ رادھا ناچی! اگر ہزاروں کا مجمع تھا تو ویڈیوز کہاں ہیں؟ ،حقیقت یہ ہے چند افراد آڈیٹوریم میں جمع ہوئے ،قومی کانفرنس کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی گئی،خود کو قانون کا علمبردار کہنے والے قانون کے دائرے سے باہر نکل کر دباو¿ ڈالنے کی شکایت کر رہے ہیں،حکومت آئین اور جمہوریت کے مطابق کام کر رہی ہے مگر چند لوگ محض سیاسی تماشہ لگانا چاہتے ہیں۔
سمندر میں تیل و گیس کی تلاش معاشی ترقی کےلئے اہم پیشرفت ہے،وزیراعظم
پاک بھارت تعلقات میں اہم پیشرفت، مصدق ملک کی دہلی پرواز
سربراہی ملاقات یادگار سنگ میل ،امن کا پیغام،،مثبت نتائج نکلیں گے،چینی وزیر خارجہ
بلاول بھٹو نے ن لیگ کےساتھ ملکر پی ٹی آئی حکومت گرائی،نعیم الر حمن
چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور شہنشاہ ایسے ملک نہیں چلے گا،سعد رفیق
دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرینگے،فیلڈ مارشل
10اداروں میں کرپشن کا امکان زیادہ، اصلاح کیلئے رپورٹ تیار کرلی،وزیر قانون
شہباز کو 2مرتبہ وزیراعظم بنوایا،چاہتاہوں مدت پوری کرنےوالے پہلے وزیراعظم بنیں،بلاول بھٹو
روس نے پاک افغان مذاکرات کی بحالی کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی
ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے استعفیٰ دےدیا
















