پاک ازبک متعدد معاہدے،افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے،شہبازشریف

تاشقند،اسلام آباد: (مشرق نیوز،بیورورپورٹ) پاکستان ،ازبکستان میں متعدد معاہدے،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ،تجارتی حجم 2 ارب ڈالرز تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔

تاشقند میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں ، معاہدوں کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف ،ازبک صدر شوکت مرزایوف نے شرکت کی،تقریب میں تاشقند اور لاہور کے درمیان ایم او یو کا تبادلہ ہوا،وزیراعظم شہبازشریف اورازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے تقریب کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے،وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر شوکت مرزایوف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہادورہ ازبکستان کے دوران بہترین میزبانی پر مشکور ہوں، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں، پاکستان ،ازبکستان کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں،سرمایہ کاری ، تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، ازبکستان پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دارہے، دونوں ممالک کی خوشحالی و ترقی مشترکہ عزم ہے، صدرشوکت مرزایوف عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، ازبک صدرنے ازبکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچایا ۔

شہباز شریف نے کہادونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں،نوازشریف کی ترقی کے ویژن پر عمل پیرا ہوں، ،معیشت مستحکم ،مہنگائی میں کمی آرہی ہے، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو گیا، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے پرعزم ہیں، انتھک محنت اور عزم سے ہی ترقی کا سفر طے کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاایک سال میں معیشت کو پیروں پرکھڑا کیا، پالیسی ریٹ میں کمی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، ترقی کے سفر میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ازبکستان کے ترقیاتی ماڈل سے مستفید ہوں گے، مختلف شعبوں میں تعاون سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے،ازبک صدر سے خطے ،مشرق وسطی کی صورتحال پر بات ہوئی، افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے،طالبان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے، افغانستان میں امن و استحکام خطے کے مفاد میں ہے، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بات چیت آگے بڑھانے کیلئے وفد تاشقند پہنچے گا، ازبک صدر کو بھی وفد پاکستان بھیجنے کا کہہ دیا۔

ازبک صدر شوکت مرزا یوف نے کہاوزیراعظم شہبازشریف کو خوش آمدید کہتے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان مفید گفتگو ہوئی، روشن مستقبل کیلئے دونوں ملکوں کی گفتگواورمعاہدے بہت اہم ہیں، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل ،مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے گا،پاکستان کے خوشحال مستقبل کیلئے نیک تمناو¿ں کا اظہارکرتا ہوں، دونوں ملکوں کے تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ بہتری آرہی ہے، پاکستان کی ممتازکاروباری کمپنیاں دورہ تاشقندپر ہیں، سرمایہ کاری وتجارت پر سیر حاصل گفتگو ہورہی ہے۔

شوکت مرزا یوف نے کہادونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہورہا ہے، بات چیت کے بعددونوں ملکوں نے مفاہمتی یادداشتوں ،معاہدوں پر دستخط کئے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 2ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا، علاقائی وعالمی فورمز پر ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے۔

بعدازاں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ 7 ارب ڈالر کا منصوبہ دونوں ممالک کی ترقی کیلئے گیم چینجر ہوگا،معاشی ترقی سے شہروں میں خوشحالی آتی ہے، 2عظیم ممالک کے تاجر و سرمایہ کارنہ صرف پاکستان، ازبکستان میں سرمایہ کاری کریں بلکہ باہمی مفادات کےلئے اپنے نظریات کا تبادلہ کریں گے،تاجر ،سرمایہ کار تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے، ازبک صدر نے بالکل ٹھیک کہا پاکستان ،ازبکستان کی بزنس کمیونٹی کی ایک دوسرے کے ساتھ مسابقت نہیں بلکہ باہمی مفادات کے شعبہ جات میں ایک دوسرے کی سپورٹ کرسکتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاپاکستان بزنس کمیونٹی ازبکستان آئے اور ٹیکسٹائل وینچرز کی مینجمنٹ کرے، بہترین موقع ہے،فائدہ اٹھانا چاہیے، دونوں ممالک کےلئے بہتر ہوگا،لیدر، فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور آلات جراحی کے شعبوں میں پاکستان کی کارکردگی شاندار ہے،ویزہ پالیسی میں نرمی پر بات کی گئی، ازبکستان نے اسحاق ڈار کو یقین دلایا پاکستان کی بزنس کمیونٹی کےلئے ویزے دستیاب ہوں گے، اقدام تجارتی فروغ کےلئے بہترین سپورٹ ہوگی۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے خصوصی اقتصادی زونز بنائے گئے ہیں، مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے،سستی توانائی کے حصول کےلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،سیاحت ،ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کاموقع ہے،ازبک سرمایہ کار اور تاجر سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھائیں،خطے کے ممالک گوادر اور پورٹ قاسم بندرگاہ سے کاروباری سرگرمیاں کرسکتے ہیں، خطے کی ترقی و خوشحالی کےلئے علاقائی روابط کا فروغ ضروری ہے،اقتصادی زون میں سرمایہ کاری ممکن ، ازبکستان کو کراچی اور لاہور سے منسلک کریں گے۔

ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کہا پاکستان ، ازبکستان کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے بے پناہ مواقع ہیں،دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی شراکت داری ہونے جا رہی ہے، تاریخی دورہ ہے، باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، باہمی شراکت داری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے،مجھے جان کر خوشی ہوئی آپ جوائنٹ وینچرز اور ازبک کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں۔

شوکت مرزایوف نے کہاوزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں نمایاں کارکردگی کا مشاہدہ کیا گیاوہ مہنگائی کی شرح کم کرنے میں کامیاب ہوئے ،شرح سود میں کمی بھی اچھی کامیابی ہے، پاکستان کے عوام تبدیلیوں پر خوش ہیں، دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورہ ازبکستان مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے،ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ عاریپوف، وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے الوداع کیا، تاشقند کے میئر، دونوں ممالک کے سفیر بھی تاشقند ایئرپورٹ پر موجود تھے۔