پاکستان، آذربائیجان میں متعدد معاہدے، ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق

باکو (مشرق نیوز) پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدے طے پا گئے،ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہو گیا،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے شرکت کی، تقریب کے دوران پاکستان اور آذربائیجان میں ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ ہوا،اس موقع پر سٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور ایف ڈبلیو او میں مچلکے ٹھلیاں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی مفاہمتی یادداشت اور سٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے،آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور پاکستان کے شہر لاہور کے درمیان ثقافتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے،پی ایس او اور ایس او سی اے آرٹریڈنگ ایس اے کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیےگئے، پی ایس او، ایس اوسی اے آر ٹریڈنگ میں پٹرولیم مصنوعات کی خریدوفروخت کے سمجھوتے پر بھی دستخط کئے گئے،وزیراعظم شہباز شریف نے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کےساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آذربائیجان کے دورے کی دعوت اور بھرپور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں، آذربائیجان کے صدر کے ساتھ انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے، صدر الہام علیوف کی پاکستانی عوام کےساتھ لگاو پر فخر ہے،آذربائیجان کےساتھ دوستی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطح پر تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے، باکو کی طرز پر اسلام آباد کو بھی خوبصورت شہر بنانے میں مصروف ہیں،آذربائیجان کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے، 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں اسلام آباد میں دستخط ہوں گے، قریبی دوطرفہ تعلقات کو معاشی میدان میں بھی وسعت دینی ہے، دوطرفہ تعاون کے معاہدوں کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، آذربائیجان کی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتے ہیں، کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے،شہبا ز شریف نے کہا مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کے اصولی موقف کو سراہتے ہیں، کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری ہے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل ناگزیر ہے، چاہتے ہیں غزہ میں جنگ بندی پائیدار اور دیرپا ہو،دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو بڑھائیں گے، گوادر بندرگاہ علاقائی تجارت کیلئے انتہائی اہم ہے،اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا آذربائیجان کا دورہ کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا مشکور ہوں، اپنے بھائی وزیراعظم شہبازشریف کو آذربائیجان میں خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، خطے کی صورتحال اور سلامتی کے امور پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں، گزشتہ سال پاکستان کے دورے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیںجن منصوبوں پر بات چیت ہوئی انہیں ایک ماہ میں حتمی شکل دیں گے، مختلف شعبوں میں معاہدے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیشرفت ہے، دفاعی پیداوار اور صنعتی شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دفاعی پیداوار کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی، دفاعی پیداوار کے شعبے میں پاکستان کا اہم مقام ہے، روابط کے فروغ اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،صدر آذربائیجان نے کہا علاقاتی ترقی کیلئے مواصلاتی منصوبوں کا فروغ بہت ضروری ہے، پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، پرامید ہیں دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط میں اضافہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی کامیابیوں پر فخر ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں،اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کو آذربائیجان کے صدارتی محل زوولیا آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،صدارتی محل پہنچنے پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور گارڈ آف آنر کے دوران دونوں ملکوں کا قومی ترانہ بجایا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا،دو روزہ دورہ آذربائیجان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے صدارتی محل میں ون آن ون ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،دوران ملاقات اقتصادی تعاون اور تجارت کے فروغ سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی،مزید برآں وزیراعظم نے باکو میں نگورنو کاراباخ کی جنگ کے ہیروز اور شہدا کی یادگار فتح کا دورہ کیا، شہبازشریف نے یادگار پر پھول رکھے۔