پی ٹی آئی کو آئین سے بالاتر ریلیف ممکن نہیں،بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد: (بیورورپورٹ )مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے پی ٹی آئی کے 10نکاتی ایجنڈے سے صاف ظاہر ہے وہ ماورائے آئین و قانون ریلیف چاہتی ہے، آئین و قانون سے بالاتر ہو کر ریلیف دینا ممکن نہیں ،عدالتوں کا کام آئین و قانون کے مطابق چلنا ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہاپی ٹی آئی رہنماﺅں کی جانب سے چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد انتہائی مضحکہ خیز پریس کانفرنس کی گئی، اسلام آباد پر دھاوا بولنے، چڑھائی کرنے اور شہریوں کی زندگیاں اجیرن کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، 9 مئی اور 26 نومبر کے کیسز سیاسی نوعیت کے نہیں ، 9 مئی اور 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے لائے ہوئے لوگوں ،حواریوں نے قانون اپنے ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آیا، مشیر قانون و انصاف نے کہا پی ٹی آئی نے سیاست کا لبادہ ضرور اوڑھ رکھا ہے لیکن سوچ سیاسی نہیں انتشاری ہے۔