ایم کیو ایم،سندھ حکومت آمنے سامنے،الزامات کی بوچھاڑ

کراچی: (بیورورپورٹ)ایم کیو ایم نے سندھ حکومت پر کرپشن کاالزام لگاتے ہوئے کہا مہاجر ،پختونوں کو پھر لڑانے کی سازش ہورہی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا سندھ حکومت 61 سالوں سے حکمرانی کی آڑ میں کرپشن کررہی ہے،صوبے میں کہیں پر آئین و قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی،کراچی میں پہلے ٹرانسپورٹ مافیا ہوتا تھا اب ڈمپر مافیا گھوم رہا ہے، بے رحمی کےساتھ کراچی کے شہری ڈمپر مافیا کا شکار ہیں، سازش کے تحت ڈمپر مافیا کو آزادی دی گئی ، مقصد ہے شہر میں اشتعال انگیزی ہو، قاتلوں کی گرفتاری کا ذکر ہی نہیں ۔

فاروق ستار نے کہامہاجر اور پختونوں کوپھر لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے، ایم کیو ایم صبر کرنے کی تلقین نہ کرتی تو شہر میں آگ لگ چکی ہوتی۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہافاروق ستار کی کانفرنس زہریلی سوچ کا مربہ ہے،ایم کیو ایم کی تعصب، نفرت اور بدبودار سیاست کا جنازہ نکل چکا ،چیخ و پکار بھی دوبارہ زندہ نہیں کرسکتی،کراچی کے عوام نے بوری بند لاشوں، بھتہ خوری اور نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کےلئے دفن کردیا،کراچی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کی جانب رواں دواں ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا متحدہ حادثات کو بنیاد بناکر کراچی میں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے،فاروق ستار و دیگر لیڈرذہن نشین کرلیں الزامات سے قد اونچا نہیں ہوگا،الزامات سے قبل اپنی سیاہ تاریخ پر نظر ڈالیں،آفاق احمد کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔