کے پی میں آپریشنز،15خوارج جہنم واصل،لیفٹیننٹ سمیت 4جوان وطن پر قربان

راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کے پی میں آپریشنز،15خوارج جہنم واصل،لیفٹیننٹ سمیت 4جوان وطن پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا،سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں9 خوارج ہلاک ہو گئے،مارے جانے والوں میں خارجی رنگ لیڈر فارمان عرف ثاقب، امان عرف توری، سعید عرف لیاقت خارجی بلال شامل ہیں،تمام دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

دوسری کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے میرانشاہ میں 6خوارج کو جہنم واصل کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ حسن (عمر 21سال، رہائشی ضلع لاہور)نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا،دیگر شہدا میںنائب صوبیدار بلال، سپاہی فرحت اورہمت خان شامل ہیں،آئی ایس پی آر نے کہاسکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ،بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزیدتقویت دیتی ہیں۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ،وزیر دا خلہ ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنےوالے لیفٹیننٹ حسن ، نائب صوبیدار بلال، سپاہی فرحت اور سپاہی ہمت خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سیاسی رہنماﺅں نے کہامجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا ،اہلخانہ پر فخر ہے،دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے،امن خراب کرنے کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے عزم غیر متزلزل رہے گا،شہداءکی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا،قوم مقروض رہے گی۔